ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یڈیورپا کے اراضی ڈی نوٹی فکیشن سے بی ڈی اے کو 3845 کروڑ کا نقصان،بے قصور ہیں تو تحقیقات سے خوفزدہ کیوں ؟ : ڈاکٹر ایپا

یڈیورپا کے اراضی ڈی نوٹی فکیشن سے بی ڈی اے کو 3845 کروڑ کا نقصان،بے قصور ہیں تو تحقیقات سے خوفزدہ کیوں ؟ : ڈاکٹر ایپا

Sun, 20 Aug 2017 11:22:07    S.O. News Service

بنگلورو،19؍ اگست(ایس او نیوز؍ عبدالحلیم منصور)سماجی کارکن اور جنا سامامنیرا ویدیکے کے صدر ڈاکٹر ڈی ایپا نے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا سے کہاکہ بحیثیت وزیر اعلیٰ شیورام کارنت لے آؤٹ کیلئے مختص 257 ایکڑ زمین ڈی نوٹی فائی کرنے کے معاملے میں اگر وہ اپنے آپ کو بے قصور مانتے ہیں تو پھر تحقیقات کا سامنا کرنے سے وہ خوفزدہ کیوں ہیں؟ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ایپا نے کہاکہ یڈیورپا نے یہ زمین غیر قانونی طور پر ڈی نوٹی فائی کی ہے اسی لئے وہ ان تحقیقات کو کسی بھی طریقے سے روکنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یڈیورپا کی طرف سے اتنی بڑی زمین ڈی نوٹی فائی کرنے کے نتیجہ میں بی ڈی اے کو 3845 کروڑ روپیوں کا نقصان ہوا ہے ، یہ رقم یڈیورپا سے وصول کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا کی طرف سے شیورام کارنت لے آؤٹ کی زمین غیر قانونی طور پر ڈی نوٹی فائی کرنے کے نتیجہ میں بی ڈی اے اب تک سائٹ خریدنے والوں کو سائٹ نہیں دے پائی۔ لاکھوں روپے بی ڈی اے کے پاس جمع کرنے کے بعد بھی لوگو ں کوسائٹ اگر نہیں ملی تو اس کیلئے یڈیورپا راست طور پر ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں یڈیورپا کے خلاف انسداد کرپشن بیورو میں شکایت انہوں نے ہی جمع کرائی ہے، اس سے پہلے بھی جب انہوں نے یہ معاملات سامنے لائے تھے تو مرکزی وزیر اننت کمار، بی جے پی لیڈر آر اشوک ، ایشورپا اور دیگر نے انہیں شاباشی دی تھی اور یڈیورپا کے خلاف کارروائی آگے بڑھانے کا مشورہ دیاتھا، آج بھی ان معاملات میں یہ لوگ خاموش ہیں اور یڈیورپا کے حواری الزامات کو جھوٹا قرار دے رہے ہیں۔ ان لوگوں کی طرف سے دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ اس مقدمہ کو واپس لیا جائے۔ ایپا نے واضح کیا کہ یڈیورپا کے خلاف انہوں نے جو قانونی جنگ چھیڑی ہے اس کیلئے انہیں کانگریس یا ریاستی حکومت سے کوئی مدد نہیں ملی ہے۔ اس موقع پر ویدیکے کے کارگذار صدر روی کمار اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس دوران بتایا جاتا ہے کہ ریاستی بی جے پی صدر نے اتنی بڑی زمین ڈی نوٹی فائی کرکے خود کو قانونی جال میں پھنسا لیا ہے، اس سے پہلے آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ آنجہانی این ٹی راما راؤ اسی طرح زمین ڈی نوٹی فائی کرانے کے معاملے میں پھنس گئے تھے، اس جال سے این ٹی راما راؤ کو نکالنے کیلئے ان کا پورا خاندان متحرک ہوگیا، لیکن کامیاب نہیں ہوپایا۔ آج یڈیورپا کی صورتحال بھی ایسی ہی نظر آرہی ہے۔ 

عدالت سے رجوع :اس دوران یڈیورپا نے ان کے خلاف انسداد کرپشن بیورو کے ایف آئی آرپر روک لگانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ ہائی کورٹ میں دائر عرضی میں یڈیورپا نے دعویٰ کیا ہے کہ سیاسی انتقام کیلئے ان کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔ اس دوران آج یڈیورپا کو انسداد کرپشن بیورو کے روبرو حاضری کی ہدایت دی گئی تھی ،لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے اور اے سی بی کی کارروائی پر روک لگانے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے، اس کے ساتھ ہی یڈیورپا نے اے سی بی کے روبرو حاضر ہونے کیلئے دو دن کا وقت طلب کیا ہے۔ 
 


Share: