ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عتیق الرحمن مُنیری ساحل آن لائن کے نئے چیئرمین منتخب؛ رحمت اللہ راہی نائب چیئرمین دوم مقرر

عتیق الرحمن مُنیری ساحل آن لائن کے نئے چیئرمین منتخب؛ رحمت اللہ راہی نائب چیئرمین دوم مقرر

Tue, 30 Jun 2026 02:48:26    S O News
عتیق الرحمن مُنیری ساحل آن لائن کے نئے چیئرمین منتخب؛ رحمت اللہ راہی نائب چیئرمین دوم مقرر

دبئی، 28 جون (ایس او نیوز): ساحل آن لائن میڈیا کے سرگرم ڈائریکٹر اور دبئی کے معروف سماجی و کاروباری شخصیت جناب عتیق الرحمن مُنیری کو متفقہ طور پر ساحل آن لائن کا نیا چیئرمین منتخب کر لیا گیا، جبکہ ادارے کے دیرینہ رکن جناب رحمت اللہ راہی نائب چیئرمین دوم منتخب ہوئے ہیں۔

ان تقرریوں کے ساتھ ہی سابق چیئرمین مرحوم ایس ایم سید خلیل الرحمن کے انتقال کے بعد گزشتہ دو برس سے جاری انتظامی جمود کا خاتمہ ہوگیا ہے، جس سے ادارے کو نئی قیادت، تازہ ولولے اور مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ساحل آن لائن کے چیئرمین   اور قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن کا 21 نومبر 2024 کو انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی تھا۔ تاہم نائب چیئرمین عبدالمتین ائیکری، مینیجنگ ڈائریکٹر و مینیجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی اور دیگر ڈائریکٹروں نے باہمی تعاون سے ادارے کی خدمات کو مسلسل جاری رکھا۔

یہ انتخاب دبئی میں منعقدہ ساحل آن لائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں عمل میں آیا۔ اجلاس کے دوران نائب چیئرمین عبدالمتین ائیکری نے چیئرمین کے عہدے کے لیے عتیق الرحمن مُنیری کا نام پیش کیا، جس کی تمام ڈائریکٹروں نے متفقہ طور پر تائید کی۔ اسی اجلاس میں ادارے کے آغاز ہی سے فعال کردار ادا کرنے والے رحمت اللہ راہی کو نائب چیئرمین دوم منتخب کیا گیا۔

انتخاب کے فوراً بعد عبدالمتین ائیکری، عنایت اللہ گوائی، دیگر ڈائرکٹرس جیلانی محتشم، آفاق نائطے، عبدالسلام دامودی اور عبیداللہ عسکری نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ادارے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر نومنتخب چیئرمین عتیق الرحمن مُنیری نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ڈائریکٹروں کے تعاون سے ساحل آن لائن کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر بند ہونے والی ساحل آن لائن کی تمام خدمات کو آئندہ چھ ماہ کے اندر دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کو درپیش مشکلات کا مرحلہ وار حل نکالتے ہوئے ساحل آن لائن کو  نہ صرف پورے ساحلی کرناٹک کا  بلکہ ملک کا نمبر ون الیکٹرانک  میڈیا ہاؤس بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

نائب چیئرمین دوم رحمت اللہ راہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساحل آن لائن محض ایک میڈیا ادارہ نہیں بلکہ خدمتِ خلق سے وابستہ ایک اہم پلیٹ فارم ہے، اس لیے اس ادارے کے ساتھ تعاون کرنا ایک عظیم سماجی خدمت ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ ادارے کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کو ایسے مضبوط، باوقار اور بااعتماد میڈیا کی ضرورت ہے جو عوامی مسائل کو اجاگر کرے، ان کے حل کے لیے آواز بلند کرے اور بالخصوص مظلوموں کو انصاف دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

اس موقع پر نائب چیئرمین اول عبدالمتین ائیکری نے کہا کہ تمام ڈائریکٹروں کے باہمی تعاون اور عوامی اعتماد کے نتیجے میں ساحل آن لائن آج ساحلی کرناٹک کے معتبر ترین میڈیا اداروں میں شمار ہوتا ہے اور پورے کرناٹک میں اپنی منفرد شناخت قائم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو مزید کامیابیوں کی منزل تک پہنچانے کے لیے تمام ڈائریکٹروں کے ساتھ ساتھ ساحل آن لائن کے خیرخواہوں اور معاونین کا مسلسل تعاون بھی ناگزیر ہے۔

 عنایت اللہ گوائی نے گزشتہ 26 برسوں کے دوران ساحل آن لائن کی ترقی اور استحکام میں کردار ادا کرنے والے تمام ڈائریکٹروں، خیر خواہوں اور معاونین  کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم ہے کہ بے شمار مشکلات اور کٹھن حالات کے باوجود ساحل آن لائن آج بھی اپنے مشن پر ثابت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے عہدیداروں کے انتخاب سے ادارے کو نئی توانائی اور نئی سمت ملی ہے، جس کے نتیجے میں ساحل آن لائن مزید مؤثر انداز میں ترقی اور کامیابی کی جانب گامزن ہوگا۔

قابلِ ذکر ہے کہ دبئی کے معروف تاجر عتیق الرحمن مُنیری بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سیکریٹری جنرل بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم، بھٹکل میں نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ بھٹکل اور دیگر کئی سماجی، تعلیمی اور رفاہی اداروں سے بھی فعال طور پر وابستہ ہیں۔ کورونا وبا کی پہلی لہر کے دوران، جب دنیا بھر میں لاک ڈاؤن نافذ تھا اور فضائی و زمینی آمدورفت معطل ہوچکی تھی، اس وقت عتیق الرحمن مُنیری دبئی اور متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں پھنسے بھٹکل اور ساحلی کرناٹک کے تین سو سے زائد  پریشان حال افراد کو دو خصوصی پروازوں کے ذریعے بحفاظت ہندوستان روانہ کرانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس غیرمعمولی خدمت کے باعث وہ ملک بھر کی میڈیا میں بھی نمایاں طور پر چھا گئے تھے۔

ادھر ساحل آن لائن کے نئے چیئرمین منتخب ہونے کی خبر عام ہوتے ہی عتیق الرحمن مُنیری کو اور نائب چیرمین  دوم  منتخب ہونے پر رحمت للہ راہی کو ہندوستان، خلیجی ممالک اور دنیا کے مختلف حصوں سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔


Share: