ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب، کئی علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

ممبئی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب، کئی علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ

Tue, 30 Jun 2026 18:08:10    S O News

ممبئی ، 30/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)شہر ومضافات میں اتوار کی رات دیر گئے ہونے والی موسلا دھار بارش سے جہاں شہریوں کو گرمی سے راحت ملی وہیں متعدد مضافاتی علاقوں میں متواتر ۴؍ گھنٹے  بارش  ہوئی جس کے دوران   ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ طوفانی بارش سے شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ا ندھیری سب وے میں  پانی جمع ہو جانے سے اسے ٹریفک کیلئے بند کرنا پڑا ۔ شہریوں نے بارش کی تصاویر اور جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں ۔ آدھی رات سے ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں علی الصباح تک تیز بارش جاری رہی ۔

بی ایم سی کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملنڈ کے مشرقی مضافاتی علاقے وینا نگر میں   ۱۶۰ء۴؍ ملی میٹرمغربی جانب ۲۰۰؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ مغربی مضافات میں ۱۵۶ء۸؍ ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ مشرقی مضافاتی علاقوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ، مانخورد کے مہاراشٹر نگر اسکول  علاقے میں۱۲۴ء۴؍ملی میٹر اور پوائی کے پاسپولی میونسپل اسکول  علاقے میں ۱۲۲؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ مغربی مضافاتی علاقوں میں ورسوا پمپنگ اسٹیشن، مرول فائر اسٹیشن ، اوشیوارہ کے پرتکشانگر میونسپل اسکول اور اندھیری کے مالپا ڈونگری میونسپل اسکول علاقے میں  بالترتیب ۱۲۱ء۶، ۱۰۸ء۴، ۱۰۸؍ا ور ۱۰۴؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

واضح رہے کہ ممبئی میں جون   ابتدائی   دنوںمیں بارش بالکل نہیں ہوئی  تھی لیکن مہینے کے آخر میں  اتوار کی دیر رات کو مضافاتی علاقوں کے علاوہ متصل تھانے اور نوی ممبئی میں موسلادھار بارش ہوئی۔ بی ایم سی کے مطابق اتوار کی رات ۱۲؍بجے سے پیر کی صبح ۴؍ بجے کے درمیان زبردست بارش ہوئی جس سے  مضافاتی علاقے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ شہر کے علاقوں میں کم بارش ہوئی۔ جنوبی ممبئی میں سب سے زیادہ بارش ورلی میں ۵۳؍ اور دادر میں ۴۵؍ملی میٹر  ریکارڈ کی گئی۔موسلادھار بارش ہونے سے ملنڈ میں ایل بی ایس مارگ  اور دیگرعلاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے صبح کے اوقات میں دفتر  اور کاروبار کیلئے جانے والوں کو دقتیں ہوئیں ۔ اندھیری سب وے کو احتیاط کے طور پر صبح ایک بجکر ۴۶؍منٹ پر گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا تھا   اور حادثات کو روکنے کیلئے پولیس اہلکار تعینات تھے ۔ چونکہ پیر ہفتے کا پہلا کام کا دن تھا  اس لئے بارش کا سلسلہ صبح کے بھیڑ کے اوقات میں مسافروں کیلئے تکلیف کا باعث بنا۔

اتوارکی رات سے اور پیر کی صبح کے درمیان صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک سانتاکروز میں ۱۰۳؍ جبکہ قلابہ میں۳۰؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق ۲۴؍گھنٹے میں مشرقی مضافاتی علاقوں میں سب سے زیادہ اوسطاً  ۱۱۳؍ ملی میٹربارش  ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد مغربی مضافاتی علاقوں میںجہاں اوسطاً ۸۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور شہر  میں اوسطاً صرف ۳۷؍ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی مدت کے دوران پڑوسی تھانے ضلع میں بھی ۱۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو ممبئی اور آس پاس کے علاقوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا تھا جس کے مطابق پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ برسات   کے ساتھ ۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔ 


Share: