ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی ضمنی انتخابات: بی جے پی نے 9 میں سے 7 امیدواروں کا اعلان، غازی آباد سے سنجیو شرما اور کرہل سے انوجیش یادو کو ٹکٹ

یوپی ضمنی انتخابات: بی جے پی نے 9 میں سے 7 امیدواروں کا اعلان، غازی آباد سے سنجیو شرما اور کرہل سے انوجیش یادو کو ٹکٹ

Thu, 24 Oct 2024 17:21:22    S.O. News Service

نئی دہلی، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بی جے پی نے یوپی ضمنی انتخابات کے لیے سات امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ غازی آباد سے شہر بی جے پی کے صدر سنجیو شرما کو ٹکٹ دیا گیا ہے، جبکہ کرہل سے انوجیش یادو کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ تاہم، کانپور کی سیسامؤ اسمبلی سیٹ کے لیے ابھی تک امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔ بجنور لوک سبھا سیٹ میں شامل میرانپور (ضلع مظفرنگر) اسمبلی سیٹ کے لیے بھی کوئی امیدوار نامزد نہیں کیا گیا، اور اطلاعات کے مطابق یہ سیٹ آر ایل ڈی کے حصے میں جا سکتی ہے۔

پارٹی نے کندرکی سے رامویر سنگھ ٹھاکر کو میدان میں اتارا ہے۔ اس کے علاوہ کھیر (ایس سی) سے سریندر دلیر، کرہل سے انوجیش یادو، پھولپور سے دیپک پٹیل، کٹہری سے دھرم راج نشاد اور ماجھوا سیٹ سے سوچسپتا موریا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

کٹہری سے دھرم راج نشاد پہلے بی ایس پی کے لیڈر تھے۔ وہ بی ایس پی سے تین بار ایم ایل اے رہے اور بی ایس پی حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ 2022 سے پہلے بی جے پی میں آئے، الیکشن لڑے اور ہار گئے۔ بی جے پی نے انہیں ایک اور موقع دیا ہے۔

سوچسمتا موریا ماجھوا سے بی جے پی کی ایم ایل اے رہ چکی ہیں۔ 2022 میں یہ سیٹ نشاد پارٹی کو دی گئی۔ اس بار بی جے پی اپنی پارٹی کے سابق ایم ایل اے کو ماجھوا سے میدان میں اتار رہی ہے۔ لیگڑھ کی کھیر سیٹ سے سریندر دلیر بی جے پی کے سابق ایم پی راجویر دلیر کے بیٹے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے کرہل سے سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور اعظم گڑھ کے ایم پی دھرمیندر یادو کے حقیقی بہنوئی انوجیش یادو کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔

بی جے پی کی حلیف نشاد پارٹی بھی ضمنی انتخابات میں دو سیٹوں کا مطالبہ کر رہی تھی۔ لیکن جو فہرست آئی ہے اس سے صاف ہے کہ نشاد پارٹی کو کوئی سیٹ نہیں دی گئی ہے۔ پچھلی بار نشاد پارٹی کے امیدوار نے کٹہری سیٹ سے الیکشن لڑا تھا۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے ماجھوان سیٹ سے نشاد پارٹی کے امیدوار کو اپنے نشان پر کھڑا کیا تھا۔ اسی بنیاد پر سنجے نشاد اس ضمنی انتخاب میں دونوں سیٹوں کا مطالبہ کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ یوپی کی 10 سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے لیکن صرف 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملکی پور سیٹ کے لیے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔


Share: