صنعاء ،2؍جنوری ( آئی این ایس انڈیا )یمنی سکیورٹی حکام کے مطابق پیر کے روز بندرگاہی شہر حدیدہ کے الجراحی نامی علاقے میں سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملے میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق لڑاکا طیاروں نے ایک پیٹرول پمپ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد قریب ہی واقع ایک مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ سعودی اتحاد کی جانب سے اس حملے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ بین الاقوامی امدادی ادارے سعودی عسکری اتحاد پر الزامات عائد کرتے ہیں کہ وہ اپنی کارروائیوں میں عام شہریوں کے اجتماعات، ہسپتالوں، رہائشی عمارات اور مارکیٹوں تک کو نشانہ بنا رہا ہے۔ سعودی قیادت میں قائم عرب عسکری اتحاد تاہم ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔