وشاکھا پٹنم،17/دسمبر(ایجنسی) ہندوستان نے سری لنکا کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 8 وکٹوں سے بآسانی شکست دے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ شیکھر دھون نے شاندار سینچری اسکور کی۔اتوار کو وشاکھا پٹنم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 215 رنز بنائے۔ہندوستان نے ہدف 33 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ہندوستان جون 2016ء سے اب تک مسلسل آٹھ مرتبہ دوطرفہ ایک روزہ بین الاقوامی سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔شیکھر دھون نے 85 گیندوں پر 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 100 رنز بنائے جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اُن کی 12 ویں سینچری ہے۔اتوار کے میچ میں شیکھر دھون نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ یہ اُن کی 95 ویں اننگز تھی۔وہ کم ترین اننگزمیں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ ویراٹ کوہلی 93 اننگزمیں یہ کارنامہ انجام دے کر پہلے نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ شریاس ائیر 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 اعشاریہ 5 اوورز میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ تھرنگانا 95 اور سمارا وکرما 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ہندوستان کی طرف سےکلدیپ یادیو اور یوزویندرا چاہل نے تین، تین، ہاردک پانڈے نے دو جبکہ بھونیشور اور بومرہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ایک روزہ میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔