ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / شام میں فرانسیسی صدر میکرون کی رہائش گاہ کے قریب زور دار دھماکہ

شام میں فرانسیسی صدر میکرون کی رہائش گاہ کے قریب زور دار دھماکہ

Tue, 07 Jul 2026 17:25:41    S O News

 دمشق، 7/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)7؍جولائی کو شام کے دارالحکومت دمشق میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جب فرانس کے صدر  ایمانوئل میکرون  شام کے دورے پر موجود تھے۔ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد کسی بھی بڑے یورپی یونین لیڈر کا یہ پہلا دورۂ شام قرار دیا جا رہا ہے۔ میکرون کے ہوٹل کے قریب دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا، جس سے شام کی سیاسی منتقلی کے دوران سیکوریٹی سے متعلق نئے خدشات پیدا ہو گئے۔

منگل کو دمشق میں اس وقت دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جب فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اپنے شامی ہم منصب صدراحمد الشرع سے ملاقات کر رہے تھے۔ بتایا گیا کہ جیسے ہی میکرون صدارتی محل میں الشرع سے ملاقات کے لیے داخل ہوئے، دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ اس واقعہ کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، جن میں دھویں کا ایک بڑا بادل، ایک جلتی ہوئی گاڑی اور سڑک پر خون کے نشانات بھی دکھائی دیتے ہیں۔ فوری طور پر کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد بھی تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

شامی ذرائع کے مطابق دھماکہ  فور سیزنز ہوٹل کے قریب ہوا، جہاں فرانسیسی صدر قیام پذیر تھے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دھماکے دھماکا خیز مواد کے ذریعے کیے گئے، تاہم اس واقعہ کے بارے میں شامی حکام کی جانب سے خبر شائع ہونے تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ فرانسیسی صدر کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ صدر ایمانوئل میکرون محفوظ ہیں اور ان کا دورۂ شام معمول کے مطابق جاری ہے۔


Share: