نئی دہلی،22؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وزیر کھیل وجے گوئل نے آج2020ٹوکیو اولمپکس کی ابھی سے تیاری شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ہندوستان حال میں ختم ہوئے ریو اولمپکس میں سب سے بڑا دستہ بھیجے جانے کے باوجود صرف دو ہی تمغہ حاصل ہوا۔بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو اور خاتون پہلوان ساکشی ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے گوئل نے کہا کہ کچھ ہندوستانی کھلاڑی بدقسمت رہے کہ وہ ریو میں پوڈیم مقام سے چوک گئے لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کو چار سال بعد ٹوکیو میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا۔گوئل نے یہاں ’’کھیل انڈیا 2016چوتھا انڈیا انٹرنیشنل اسپورٹس گڈ شو‘‘کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ میں پی وی سندھو اورساکشی ملک کے لئے بہت خوش ہوں لیکن کچھ کھلاڑی جیسے ابھینو بندرا، دیپا کرماکر، ثانیہ مرزا تمغے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اولمپک پوڈیم ہدف پروگرام کے تحت ہم نے تمام کھلاڑیوں کو ان کی حسب منشا ٹریننگ مہیا کرائی،ہم نے تمام کھلاڑیوں کو بہترین ممکن ٹریننگ مہیا کرائی،ہم نے بیرون ملک ٹریننگ کی سہولت اور غیر ملکی کوچ مہیاکرائے اس لئے ریو اولمپکس کے لئے 118کھلاڑی کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے۔گوئل نے کہا کہ لیکن ہمیں ابھی سے ٹوکیو 2020کے لیے تیاری شروع کرنے کی ضرورت ہے اور میں اگلے اولمپکس کے لئے ہندوستان سے200سے زیادہ کھلاڑیوں کے کوالیفائی کرنے کی امید کر رہا ہوں۔