شملہ،18؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہماچل پردیش میں جہاں بی جے پی کی جیت ہوئی ہے وہیں پارٹی کے وزیر اعلی امیدوار پریم کمار دھومل کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔بی جے پی کے وزیر اعلی امیدوار پریم کمار دھومل کو سجانپور سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔سابق وزیر اعلی کو کانگریس پارٹی کے راجندر سنگھ رانا نے تقریباً3,500ووٹوں سے شکست دی۔دھومل نے اپنی ہار تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ نتیجہ غیر متوقع ہے اور پارٹی اپنا تجزیہ کرے گی۔
انہوں نے بی جے پی کی شاندار کامیابی کے لئے فاتح امیدواروں اور پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دی۔اس دوران اونا ضلع کی کٹلہڑ سیٹ سے جیتنے والے بی جے پی امیدوار ورندر کنور نے دھومل کے لئے اپنی سیٹ چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔ادھر دھومل کو شکست دینے والے کانگریس امیدوار راجندر رانا نے کہاکہ یہ کانگریس پر لوگوں کے بھروسے کی علامت ہے۔میں شکرگزار ہوں کہ لوگوں نے مجھے جتایا۔سجانپور میں ہم کبھی بھی لوگوں کی خدمت کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے اور آئندہ بھی ان کی خدمت کرتے رہیں گے۔