ہبلی19؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے آج ہبلی دھارواڑ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ یہاں کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور یہاں کی زبوں حالی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ہبلی دھارواڑ جڑواں شہروں کی سڑکوں کی حالت دیکھ کر انہوں نے افسوس ظاہر کیا اور یہاں ترقیاتی کاموں پر بے اطمینان ظاہر کرنے کے ساتھ یہاں کی سڑکوں پر پڑے ہوئے گھڈوں کو فوراً بند کرنے کارپوریشن کمشنر کو ہدایت جاری کی۔اچھی سڑکیں تیار کرنے کیلئے منصوبہ سازی کرنے کا حکم دیا۔ ہبلی میں ملٹی اسپیشالٹی اسپیتال کی تعمیر کے کام میں تاخیر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اس کیلئے اگر فنڈز کی ضرورت ہے تو حکومت فراہم کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بنگلور میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضے ہٹانے کیلئے جس طرح کی انہدامی مہم جاری ہے، انہیں خطوط پر ہبلی دھارواڑ میں بھی غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کیلئے پہلے سروے کا کام کیا جائے اور بعد میں ضرورت پڑنے پر انہدامی مہم چلائی جائے۔دھارواڑ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے یہاں کے سوپر مارکیٹ ، مذبحہ خانہ اور قدیم بس اسٹانڈکا معائنہ کرنے کے ساتھ بی آر ٹی ایس پراجکٹ کا بھی جائز ہ لیا۔ فوری طور پر تیز رفتار ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے منصوبے کو پورا کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اس سے قبل جناب روشن بیگ نے ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر ، ضلع انچارج وزیر ونئے کلکرنی ، رکن اسمبلی سرینواس مانے، پرساد ابھیا ، دھارواڑ کے ڈپٹی کمشنر ایس بی بمن ہلی ،اور دیگر اعلیٰ افسران وسیاسی نمائندے موجود تھے۔