ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاویری میں شدید بارش: بچہ نالے میں گر کر بہہ گیا؛ نعش برآمد؛ مسلسل بارش سے سڑکیں تالاب میں تبدیل

ہاویری میں شدید بارش: بچہ نالے میں گر کر بہہ گیا؛ نعش برآمد؛ مسلسل بارش سے سڑکیں تالاب میں تبدیل

Thu, 17 Oct 2024 13:00:04    S.O. News Service

ہاویری 17/اکتوبر (ایس او نیوز): ضلع بھر میں رات سے جاری شدید بارش کے بعد جمعرات کی صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 10 سالہ بچہ نالے میں بہہ کر جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت نیویدن بسوراج گڈگری کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ حادثہ ہاویری ایس پی دفتر کے سامنے پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق، شدید بارش کی وجہ سے بچہ صبح سڑک پر بہتے پانی کو دیکھنے کے لیے نکلا تھا، لیکن پانی اتنا زیادہ تھا کہ سڑک اور نالے کی حد نظر نہیں آرہی تھی۔ اس دوران بچہ نالے میں گر کر پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وجئے مہانتیش، ایس پی آنشوکمار اور دیگر اعلیٰ حکام، میونسپل اہلکار اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچا اور بچے کی تلاش شروع کی

جب ماں کو بچے کے بہہ جانے کی خبر ملی تو وہ بے ہوش ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حادثے سے گھر میں کہرام مچ گیا، اور والدین بچے کی سلامتی کے لیے دعائیں کرتے رہے، مگر قسمت کو کچھ اور منظور تھا۔ کچھ گھنٹوں بعد  بچے کو   پانی سے باہر نکال کر ہاویری ضلع اسپتال  پہنچایا گیا  ، لیکن ڈاکٹرس  نیویدن  کی جان نہ بچاسکے۔

گزشتہ رات سے شہر میں مسلسل بارش ہورہی ہے، جس کی وجہ سے سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئی ہیں اور عوامی زندگی درہم برہم ہوچکی ہے۔


Share: