مہسانا، 12/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) گجرات کے مہسانا میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں کم از کم 7 مزدور جان کی بازی ہار گئے۔ اطلاعات کے مطابق مزدور ایک گڈھا کھودنے میں مصروف تھے جب اچانک مٹی دھنسنے سے وہ ملبے تلے دب گئے۔ اس حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور فوری طور پر بچاؤ کا کام شروع کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اب تک 7 لاشوں کے برآمد ہونے کی اطلاع دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک تعمیری کام چل رہا تھا اور اسی دوران مٹی دھنسنے کا یہ واقعہ پیش آیا۔ معاملہ مہسانا ضلع کے جسالپور گاؤں کا ہے جہاں بوقت دوپہر جب مزدور ٹینک بنانے کے لیے گڈھا کھود رہے تھے۔ اچانک مٹی دھنسنے سے کئی مزدور اس میں دب گئے اور 7 مزدوروں کی دردناک موت ہو گئی۔ اس حادثہ کی جانکاری ملنے کے فوراً بعد موقع پر پہنچی پولیس نے مٹی میں دبے لوگوں کو نکلوایا۔ مزید کچھ مزدوروں کے مٹی میں دبے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انسپکٹر پرہلاد سنگھ واگھیلا کا کہنا ہے کہ کام کے دوران اچانک مٹی دھنسنے سے مزدور اس میں دب گئے۔ اس کی جانکاری مقامی لوگوں نے پولیس محکمہ کو دی۔ اس کے بعد مٹی میں دبے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تین سے چار مزید لوگ ملبہ میں دبے ہو سکتے ہیں۔
مزدوروں کی موت سے متعلق خبر سن کر ان کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ سبھی کا روتے روتے برا حال ہو گیا ہے۔ جائے وقوع پر لوگوں کی بھیڑ بھی جمع ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کنسٹرکشن سائٹ پر جے سی بی کے ذریعہ گڈھا کھودنے کا کام چل رہا تھا۔ مزدوروں کی سیکورٹی کے لیے وہاں کوئی خاص انتظام نہیں تھا۔