بنگلورو،17/دسمبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی نے کہا کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج جو بھی ظاہر ہوں گے اس سے ریاست پر کسی طرح کا کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں کانگریس دوبارہ اقتدارپر ضرور آئے گی۔ کارگل وجئے دیوس کے موقع پر شہر کے ملٹری میوزیم میں فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی کی لہر عارضی ہے اور وقت کاپہیہ گھومے گا اور کانگریس مرکز میں دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج ریاست پر ہرگز اثرنہیں ڈالیں گے۔ جو ایگزٹ پول دکھایاگیا ہے وہ صد فیصد نہیں ہوسکتے۔نتائج اس کے برعکس بھی ظاہر ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں وزیراعلیٰ سدارامیا کی زیر قیادت کانگریس پارٹی بہتر انتظامیہ فراہم کررہی ہے اور عوام مفادات پروگرامس جاری کرتے ہوئے ریاستی عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا ہے ۔مسٹرریڈی نے کہا کہ فرقہ پرست بی جے پی ریاستی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جھوٹ بول کر ہی اقتدار حاصل کیا تھا۔ انہوں نے انتخابات کے دوران انتخابی منشور میں جو وعدے کئے تھے اس کو پورا کرنے میں ابھی تک ناکام رہے ہیں اور ملک کے عوام اس سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ اس لئے ریاست میں دوبارہ کانگریس پارٹی برسراقتدار آنے میں کسی بھی طرح کی کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی خوف سے بی جے پی لیڈر ریاست میں امن وامان ونظم وضبط میں خلل پیدا کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ریاست میں نظم وضبط کی صورتحال پر قابو پاتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا موقع نہ دینے سخت اقدامات اٹھانے کے لئے انہوں نے اعلیٰ پولیس افسروں کو ہدایت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات کے نزدیک فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے ۔ اسی کو مدنظر رکھ کر انہوں نے ریاست میں امن برقرار رکھنے متعلقہ پولیس افسروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔مسٹر ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے ریاست کے لئے کچھ نہیں کیا ہے ۔مہادائی مسئلہ کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے ۔قحط سالی علاقوں کے لئے افزود فنڈ جاری کروانے میں ریاستی بی جے پی لیڈر وں نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔نہ ہی ریاستی بی جے پی لیڈر ریاست کے مفادات کے لئے مرکزپر دباؤ ڈالنے میں دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اس لئے اب ریاستی عوام بی جے پی لیڈروں کے اس حربے سے اچھی طرح واقف ہیں اور آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں دوبارہ ضرور سبق سکھائیں گے ۔اس موقع پر وزیرداخلہ نے راہل گاندھی کوآج اے آئی سی سی صدر کے طور پر اپنا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ راہل سونیا گاندھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں سکیولرپسند کانگریس پارٹی کو مضبوط و مستحکم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دوبارہ کانگریس کو برسراقتدار پر لانے کیلئے راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی لیڈر جدوجہد کریں گے ۔تقریب میں ڈی ایچ شنکر سوامی، رکن کونسل کیپٹن گنیش کنیگل،سابق کارپوریٹر ادئے کمار کے علاوہ فوجی افسر موجود تھے۔