نئی دہلی 18/ڈسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) گجرات اسمبلی کی 182 نشستوں اور ہماچل پردیش کی 68 اسمبلی نشستوں پر ووٹوں کی گنتی آج پیر صبح 8 بجے سے جاری ہے. گجرات اور ہماچل پردیش کے انتخابی نتائج کے ابتدائی رجحانات میں دونوں ہی ریاستوں میں وزیراعظم مودی کا جادو چلتا نظر آ رہا ہے. میڈیا کی خبروں پر بھروسہ کریں تو بی جے پی نے گجرات اور ہماچل پردیش کے رجحانات میں اکثریت کے اعداد و شمار کو چھو لیا ہے.
مختلف خبررساں ایجنسیوں سے ملی اطلاعات کے مطابق گجرات میں، بی جے پی نے اکثریت کے اعداد و شمار کو پارکرلیا ہے۔ رپورٹ تحریر کرنے تک بی جے پی 93 نشستوں پر جیت حاصل کرچکی ہے۔جبکہ اکثریت کے لئے 92 نشستیں کافی ہیں۔ اُدھر ہماچل پردیش میں بھی پھر سے بی جے پی کی حکومت بنتی نظر آرہی ہے۔ بی جے پی نے دونوں ہی اسمبلی انتخابات کے رحجانوں میں اکثریت حاصل کرلی ہے.
کانگریس لیڈر ششی تھرور نے گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھلے ہی اُن کی پارٹی منزل تک نہیں پہنچی، لیکن اسکا سفریقینی طور پر اچھا رہا ہے۔انہوں نے کانگریس صدر راہل گاندھی کے لئے گجرات کے اس نتیجہ کو 'پہلا دھچکا' ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا، کہ "پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری کی توقع کرنا بے معنی ہے. یہ پہلا الیکشن تھا، ہم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ گجرات میں پارٹی نے 70 سیٹوں پر برتری بنائی ہے جبکہ بی جے پی اپنے ہی گڑھ میں کمزور ہوگئی ہے. رجحانات میں بی جے پی 107 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے تو وہیں کانگریس 73 سیٹوں پر آگے ہے.