کنداپور15؍نومبر (ایس او نیوز) ڈسٹرکٹ اور سیشنس کورٹ نے قتل کی کوشش اور ڈکیتی کے تین مختلف معاملات میں ملوث 2ملزمین کو عمر قید اورفی کس 30ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
دونوں مجرمین کیرالہ سے تعلق رکھتے ہیں جن کے نام راگھو اور راجیش بتائے جاتے ہیں۔ان دونوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے سال 2010 میں ایک گھر کا دروازہ توڑکر ڈکیتی کی کوشش کی اور انہیں روکنے والے وویک نامی شخص کو چاقو گھونپ کر زخمی کیا۔پھراس کا قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ اس کے بعدانہوں نے شہر میں ایک بس کے اندر سوئے ہوئے روی اور سنتوش نامی دو افراد پر لوہے کی سلاخ اور چاقو سے حملہ کرکے ان کے پاس موجود نقد رقم اور موبائل فون لوٹ لیے۔عدالت میں کیس کی سماعت اور جرح پوری ہونے پر دونوں کے لئے عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
اس کے علاوہ ان دونوں پربیندور میں پولیس جیپ ڈرائیور سدھیر شیروگر کے قتل کے بھی الزامات تھے۔جس کی سزا کا فیصلہ اس سے قبل سنایا جاچکا ہے۔