کمٹہ 7؍نومبر (ایس او نیوز)حضرت ٹیپو سلطان کی جینتی کی تقریب منعقد کرنے کے سلسلے میں جائزاتی میٹنگ میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے صرف مسلم سماج کے ذمہ داروں کو مدعو کرنے پر مسلم لیڈروں نے کڑا اعتراض جتایا او راسے خود سرکاری افسران کی طرف سے فرقہ وارانہ تفریق کا عمل قرار دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر لکشمی پریا کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں جناب محمد ملک بستی، محسن قاضی ، مُلا صاحب وغیرہ نے افسران کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صرف سرکاری احکام کی تعمیل کرنے کے لئے برائے نام کوئی پروگرام کرنا ہوتو اس میں ہم لوگ کسی قسم کا تعاون نہیں کرسکتے ۔ اہم اور معروف شخصیات پورے ملک اور سماج کے تمام طبقات کا ورثہ ہوتے ہیں۔ انہیں کسی ایک قوم کے ساتھ مخصوص کرنا کسی بھی حالت میں درست نہیں ہوسکتا۔اس طرح سماج میں تفریق کرنے سے سرکاری افسران کو باز آنا چاہیے۔
مسلم لیڈروں کے اعتراضات کو قبول کرتے ہوئے بلدیہ صدر مدھوسدن شیٹھ اور تعلقہ انتظامیہ کے افسران نے یقین دلایا کہ ٹیپو جینتی منانے میں سماج کے تمام طبقات کو شامل کیا جائے گا۔اورآئندہ اس طرح کی شکایات کا موقع نہیں دیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران تعلقہ پنچایت سی ای او مہیش کوریور،سرکل انسپکٹر سنتوش شیٹی، پی ایس آئی سمپت اور دیگر محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔