کمٹہ 19 جولائی (ایس او نیوز)ٰ تعلقہ کے ونلّی سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران اچانک بوٹ اُلٹنے سے دو ماہی گیر سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگئے البتہ دیگر تین ماہی گیرسمندری موجوں سے جوجتے ہوئے بحفاظت کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والوں کی شناخت ونلّی کے رہنے والے ابوالحسن علی (40) اور بھٹکل تینگن گونڈی کے رہنے والے حسن (28) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شام قریب پانچ بجے اچانک طوفانی ہوائیں شروع ہوجانے کے نتیجے میں بوٹ اُلٹ گئی۔ بوٹ منصور حُسین شمالی کی ملکیت تھی۔ بیچ سمندر میں بوٹ اُلٹ جانے سے قریب پانچ لاکھ مالیت کا نقصان بھی ہوا ہے۔
حادثے کے فوری بعد سے سمندر میں غرق ہونے والے دونوں ماہی گیروں کی تلاش اندھیرا پھیلنے تک جاری تھی، مگر دونوں کا پتہ نہیں چل پایا۔
کمٹہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔