نوم پنہ،5ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کمبوڈیا کی حکومت نے مرکزی اپوزیشن لیڈر کیم سوخا پر بغاوت کا الزام عائد کر دیا ہے۔ دارالحکومت نوم پنہ کی میونسپل عدالت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے ساتھ خفیہ طریقے سے سازباز کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔ الزام ثابت ہونے کی صورت میں سوخا کو پندرہ سے تیس برس تک قید کی سزا سنائی جا سکے گی۔ انہیں اتوار تین ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اُن کی گرفتاری وزیراعظم ہُن سین کے مخالفین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے حصہ ہے۔ اتوار ہی کے روز ایک معروف آزاد اخبار کی اشاعت کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ قبل ازیں وزیراعظم سین نے بھی اپوزیشن لیڈر پر امریکی تعاون سے سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔