بنگلورو، 19/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے 17 اکتوبر کو مہارشی والمیکی کے یوم پیدائش کے موقع پر اعلان کیا کہ ریاست کے رہائشی اسکولوں کے نام بدل کر مہارشی والمیکی کے نام پر رکھے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے را نچور یونیورسٹی کا نام بھی بدل کر مہارشی والمیکی یونیورسٹی کرنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
سدارامیا نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اقلیتی برادریوں کی مدد کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صرف برابری کی بات کرتی ہے لیکن اس پر عمل نہیں کرتی۔ ڈاکٹر امبیڈ کرنے کہا تھا کہ عدم مساوات کو ختم کیے بغیر مساوات نہیں آسکتی۔ ہم نے غریبوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کی اسکیمیں بنائی ہیں، لیکن بی جے پی اس کی مخالفت کرتی ہے۔ مہارشی والمیکی کے نظریات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے کا یہ صحیح وقت ہے۔ یہی نہیں بلکہ ان کے پیغامات کو عوام تک پہنچا کر با معنی بنانے کی کوشش کریں۔ مہارشی والمیکی کے نظریات کو اپنانے سے ہی ملک نہ صرف ایک طاقتور قوم بن سکے گا بلکہ تاریخ ، سائنس اور فلسفے کے شعبوں میں بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی لیڈر کا درجہ حاصل کر سکے گا۔ کرناٹک کے تمام 31 اضلاع میں رہائشی اسکول چل رہے ہیں۔ ان میں کم آمدنی والے طبقے اور دلتوں کے بچوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ان اسکولوں میں طلباء سے رہائش اور کھانے کے لیے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ اب تک یہ تمام اسکول سرکاری رہائشی اسکول کے نام سے جانے جاتے تھے، لیکن وزیر اعلیٰ کے اس اعلان کے بعد یہ تمام اسکول مہارشی والمیکی رہائشی اسکول کے نام سے جانے جائیں گے۔ مہارشی والمیکی نے رامائن کی تشکیل کی تھی ، مہارشی والمیکی جینتی 17 اکتوبر کو ملک بھر میں منائی گئی۔