ہمناآباد(بیدر)15؍دسمبر(ایس او نیوز) کرناٹک میں کانگریس پارٹی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہو گااور ہمناآباد سے راج شیکھر پاٹل 2018ء کے انتخابات میں عوام کے آشیرواد سے منتخب ہو نگے ،ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی سدرامیا نے کروڑوں روپیوں کے ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد وافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمناآباد میں اگر بہتر ترقیاتی کام چل رہے ہیں تو اس کی وجہ راج شیکھر پاٹل ہیں یہ ایک حرکیاتی قائد ہیں، انہوں نے ہمناآباد سے تین مرتبہ جیت حاصل کی ہے انکو اس مرتبہ کابینی درجہ کا وزیر بننا تھا مگر یہ نہیں بن سکے اسی لئے انکو کابینی درجہ کے بورڈ کا چیر مین بنایا گیا ہے۔راج شیکھر پاٹل نے ہر وقت ہمناآباد کی ترقی کے لئے مجھ سے بات کی ہے انہوں نے جس کی بھی مانگ کی ہے انکو دی گئی ہے اورہماری حکومت ترقی پسند حکومت ہے،2013ء کے انتخابات کے وقت عوام سے جتنے وعدے کیے گئے تھے ان سبھی وعدوں کو پورا کیا گیا ہے ،پچھلے دو سالوں میں بیدر ضلع قحط سالی کا شکار ہوا تھا اس وقت حکومت نے یہاں کے کسانوں کی بھر پور مالی امداد فرمائی ہے کو آپریٹوبینکو ں کے ذریعہ کسانوں کو دئیے گئے پچاس ہزارتک کے قرض معافی کا اعلان کیا گیا ہے ،میں نے قومیائے ہوئے بنکوں کے ذریعہ جاری کیے گئے قرض معافی کیلئے بی جے پی کے قائدین جگدیش شیٹر ،ایڈی یورپا سے کہا کہ ہم نے تو قرض معافی کا اعلان کیا ہے اب آپ لوگو بھی مرکزی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے ریاست کے کسانوں کے قرض معافی کا اعلان کروائیں مگر بی جے پی کے قائدین نے اس ضمن میں اپنا منہ تک نہیں کھولا ہے ان کو کسانوں کے حق میں بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ان کو چاہئے کہ وہ قومیائے ہوئے بینکوں سے کسانوں کا قرض معاف کروائیں اس کے بعد کسانوں کے حق کی بات کریں ،ہماری حکومت نے بیدر ضلع کے آبپاشی پراجکٹ کے لئے 935؍کروڑ روپے خرچ کی ہے بی جے پی کی حکومت میں پچاس کروڑرقم خرچ کی ہے ہم نے ہر سال آبپاشی کے لئے دس ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں بی جے پی کی حکومت میں تین وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے باوجود اتنی رقم خرچ نہیں ہوئی ہے ،علاقہ حیدرآباد کرناٹک کو دستور میں ترمیم کرتے ہوئے آرٹیکل 371jکے تحت خصوصی موقف کانگریس پارٹی نے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستا ن میں کرناٹک ایک واحد ریا ست ہے جہاں پر گتہ داری میں دلتوں کو ریزرویشن فراہم کیا گیا ہے اور اس کے لئے قانون سازی کی گئی ہے ،اس کے علاوہ غریبوں کی فلاح وبہبودی کی خاطر حکومت کی جانب سے انا بھاگیہ ،کریشی بھاگیہ ،ودیاسری،شادی بھاگیہ،پشو بھاگیہ، اندارکینٹین، کے علاوہ کئی اسکیمات کی گئی ہیں جس سے غریب عوام کو فائدہ حاصل ہو رہا ہے کرناٹک کو بھوک سے پاک بنانے کی غرض سے کنبہ کے ہر فرد کو سات کیلو چاول مفت فراہم کیا جا رہا ہے ،اتنا کرنے کے بعد بھی اپوزیشن سیاسی جماعتیں یہ کہتی ہیں کہ کانگریس نے کیا کیا ہے اور وہ یہ کہتے ہیں کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کرناٹک کو کانگریس مکت بنائیں گی ایسا تو ہم بھی کہہ سکتے ہیں کہ بی جے پی مکت کرناٹک کو بنائیں گے۔انہوں نے تمام عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والے 2018ء کے اسمبلی انتخابات میں راج شیکھر پاٹل کا ساتھ دیں۔رکن اسمبلی راج شیکھر پاٹل نے اپنے خطاب میں کہا کہ 300؍کروڑ روپیوں سے ترقیاتی کاموں کا افتتاح ہو رہا ہے سدرامیا حکومت نے انتخابات کے وقت جو بھی وعدے کیے تھے انکو پورا کیا ہے ،ہمناآباد تعلقہ کے تین بلدیات چٹگو پہ ،ہیلی کھیڑبی اور ہمناآباد میں 30؍کروڑ روپے کے خرچ سے کاموں کا آغاز کیا جا رہا ہے ،چٹگوپہ کو تعلقہ بنانے کے لئے دس کروڑ روپئے منظور ہو چکے ہیں پہلی جنوری سے یہاں پر تمام دفاتر کام کرنا شروع کر دیں گے۔انہوں نے بی جے پی قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ میرے بارے میں ناشائستہ باتیں کہتے ہیں ایسی باتیں ہم بھی کر سکتے ہیں مگر ہم ایسا نہیں کرتے ہیں ،اس موقع پربیدر ضلع کے نگران وزیر ایشور کھنڈرے،بیدر رکن اسمبلی رحیم خان،وزیر آبی وسائل ایم ،بی ،پاٹل،ڈاکٹر اُمیش جادھورکن اسمبلی چنچولی،وجئے سنگھ رکن قانون ساز کونسل ،بھیم راؤ پاٹل نائب صدر ڈی سی سی بینک،بھارت بائی صدر ضلع پنچایت بیدر،رمیش ڈاکوڑگی تعلقہ پنچایت صدر،چندر سنگھ،،محمد افسر میاں، سید کلیم اُﷲ سابق صدر بلدیہ،محمد ریحان یوتھ کانگریس لیڈر، کے علاوہ دیگر احباب موجود تھے ۔