کاروار 4؍دسمبر (ایس او نیوز)اس ماہ کی 10،11اور 12تاریخ کو کاروار میں منعقد ہونے والے کراولی اتسوا کے موقع پر رنگارنگ ثقافتی پروگراموں کے علاوہ مختلف کھیل کود کی سرگرمیوں کا بھی اہتمام ہوگا۔
ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے یہاں ایک اخباری کانفرنس کے دوران کراولی اتسوا کے حوالے سے رن میراتھن پوسٹر کا اجراء کرتے ہوئے دیگر پروگراموں کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ 10؍دسمبر کو شہر کے لیلاوتی میدان میں ڈاگ شو اور سیل ہوگا جبکہ رنگ مندر میں تعلقہ سطح پرانعام یافتہ طلباء کے ذریعے گیانپد رقص پیش کیا جائے گا۔اسی دن ٹیگور بیچ پر اوپن والی بال ٹورنامنٹ اور ڈی سی دفتر کے احاطے میں ہائی اسکول اور کالج کے طلباء کارنگولی اور ڈرائنگ مقابلہ منعقد ہوگا۔
11؍دسمبر کوصبح ساڑھے دس بجے لیلاوتی میدان میں اوپن کبڈی ٹورنامنٹ ہوگاجبکہ رنگ مندر میں کالج اور اسکول کے تعلقہ سطح پرانعام یافتہ طلباء کی طرف سے ہلکے پھلکے ڈرامے (اسکٹس) پیش ہونگے۔اسی طرح ٹیگور بیچ پر پہلی مرتبہ رن میراتھن کا اہتمام ہوگا جس کی قیادت اولیمپئن او پی جیسا اور ڈانسرآئندراتی رائے کریں گے۔دوپہر 3بجے اسی مقام پررسہ کشی کا اوپن مقابلہ ہوگا۔
12؍دسمبر کوصبح ساڑھے دس بجے ویج اور نان ویج پکوانوں کا اوپن مقابلہ ہوگا۔رنگ مندر میں تعلقہ سطح پر انعام یافتہ کالج اور اسکولی طلباء کی طرف سے وائس آف اتر کنڑا (گانے ) کاپروگرام ہوگاجبکہ 3بجے سے اسی مقام پر لڑکیوں کا فیشن شو ہوگا۔شام 4بجے ٹیگور بیچ پر واٹر اسپورٹس کے مقابلے ہونگے۔
اس موقع پر برلا گروپ کے مسٹر اے کے اگروال نے بتایا کہ کراولی اتسوا کے موقع پر ہونے والے رن میراتھن کو برلا گروپ کی طرف سے اسپانسر کیا جار ہے۔ اس میراتھن کو جیتنے والوں کے لئے اول انعام 15ہزار روپے، دوسرا انعام10ہزار اورتیسرا انعام5ہزار روپے دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران ضلع پنچایت سی ای او چندرشیکھرنائک،ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ونشی کرشن اور ایڈیشنل ڈی سی ایچ پرسنا وغیرہ موجود تھے۔