بھٹکل ، 23 / جون (ایس او نیوز) محکمہ پولیس میں عمدہ کارکردگی کے لئے تفویض کیے جانے والے "ڈی جی - آئی جی پی توصیفی میڈل " برائے سال 2025-26 کے لئے منتخب 200 افسران اور اہلکاروں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں بھٹکل پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل دیپک نائک اور سرسی کے سب انسپکٹر ناگپّا بی کےنام بھی شامل ہیں ۔
ریاستی پولیس ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم اے سلیم کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق امسال یہ میڈل پانے والوں میں آئی جی پی این ستیش کمار، ہبلی - دھارواڈ کے پولیس کمشنر این ششی کمار، سی آئی ڈی ڈی آئی جی ڈاکٹر بھیما شنکر گلید، ڈی آئی جی شانتانو سنہا سمیت جملہ 17 آئی پی ایس افسران شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر ایس پی، اے سی پی، ڈی وائی ایس پی، کے ایس آر پی کمانڈنٹ، انسپکٹر، پی ایس آئی، اے ایس ائی اور کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے رہے پولیس افسران اور اہلکاروں کو یہ میڈل تفویض کیا جائے گا ۔
معلوم ہوا ہے کہ بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل دیپک نائک نے سال 2023 میں بھٹکل کے ہاڈولّی میں ہوئے چار افراد کے بھیانک قتل کی معاون تفتیشی افسر کے طور پر بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے اس معاملے کے کلیدی ملزم ونئے بھٹ کو سزائے موت اور اس کے باپ شریدھر بھٹ کو عمر قید کی سزا دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ اسی عمدہ اور نتیجہ خیز کارکردگی کے لئے ہیڈ کانسٹبل دیپک نائک کو امسال میڈل پانے والوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔
دیپک نائک کو "ڈی جی - آئی جی پی توصیفی میڈل" برائے سال 2025-26 کے لئے منتخب کیے جانے پر بھٹکل کے پولیس افسران، عوامی نمائندوں اور مختلف تنظیموں کی طرف سے دیپک کی سراہنا کی گئی ہے ۔
سرسی پولیس سب انسپکٹر ناگپّا بی کے تعلق سے بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک عوام دوست پولیس افسر ہیں ۔ اس سے پہلے بہترین کارکردگی کے لئے انہیں چیف منسٹر گولڈ میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔ انہوں نے اپنی تعیناتی کے دوران بہت سارے اہم معاملات کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ جرائم پر قابو پانے، عوام کے مسائل اور شکایات کو فوری پر حل کرنے اور ایک عوام دوست پولیس افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے لئے خاص پہچان بنائی ہے ۔ ان کی خدمات اور بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انہیں اس میڈل کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔