ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شدید گرمی کے بعد موسم کا یوٹرن، دہلی سمیت 20 ریاستوں میں بارش کا الرٹ

شدید گرمی کے بعد موسم کا یوٹرن، دہلی سمیت 20 ریاستوں میں بارش کا الرٹ

Wed, 24 Jun 2026 11:19:03    S O News

نئی دہلی ، 24/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں بدھ کے روز درجۂ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت تقریباً 26 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں موسم کے مزاج میں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 جون کو دہلی میں بارش ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سیلسیس تک کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔

جنوب مغربی مانسون اب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آئندہ 2 سے 3 دنوں میں مانسون کے شمالی بحیرۂ عرب، گجرات کے بعض حصوں، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کے کئی علاقوں میں مزید پیش قدمی کے لیے حالات سازگار ہیں۔ اس کے بعد اگلے 3 سے 4 دنوں میں اس کے جھارکھنڈ، بہار کے باقی حصوں اور اتر پردیش کے بعض علاقوں تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 24 سے 26 جون اور 29 جون کو ہریانہ، چنڈی گڑھ اور پنجاب میں بعض مقامات پر بارش کے ساتھ آندھی، طوفان اور آسمانی بجلی چمکنے کا امکان ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مغربی اور مشرقی اتر پردیش میں بھی آئندہ چند دنوں کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 24 سے 29 جون تک مختلف مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ اتراکھنڈ میں 24 اور 25 جون کو آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 29 جون کو ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ودربھ کے کئی علاقوں میں 24 سے 29 جون تک بارش کا امکان ہے۔ مشرقی اور مغربی مدھیہ پردیش میں 24 سے 27 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ آندھی آنے کے آثار ہیں۔ ساتھ ہی مشرقی ہندوستان میں مانسون کی سرگرمیاں مزید تیز ہونے والی ہیں۔ بہار میں 25 سے 29 جون کے درمیان بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ 25 اور 26 جون کو بہار میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی آنے کا امکان ہے۔ 28 جون کو بہار کے بعض علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں بھی آئندہ چند دنوں تک بارش کا امکان برقرار ہے۔ اڈیشہ میں 24 اور 29-28 جون کو شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 24 سے 29 جون تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ آسام اور میگھالیہ کے بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ادھر مغربی ہندوستان میں گوا میں 24 سے 29 جون تک شدید بارش کے امکانات ہیں۔ وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں بھی 25 اور 26 جون کو بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مانسون کی پیش قدمی کے باعث ملک کے کئی حصوں میں گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔ تاہم جن علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے وہاں پانی جمع ہونے اور تیز ہواؤں کے خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


Share: