ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری مسئلہ پر مداخلت کرنے مرکز کی آمادگی،مودی کی بجائے اوما بھارتی وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کرنے تیار

کاویری مسئلہ پر مداخلت کرنے مرکز کی آمادگی،مودی کی بجائے اوما بھارتی وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کرنے تیار

Tue, 20 Sep 2016 12:18:04    S.O. News Service

بنگلورو20؍ستمبر(ایس او نیوز) کاویری مسئلے پر ریاستی حکومت کی طرف سے بارہا مرکزی حکومت کی مداخلت کیلئے زور دئے جانے اور ریاستی بی جے پی قائدین کی طرف سے نمائندگی پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے اس معاملے میں پہل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حالانکہ یہ واضح کردیا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے، البتہ مرکزی وزیر برائے آبی وسائل اوما بھارتی کو اس معاملے سے نمٹنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اوما بھارتی نے اس مسئلے میں کرناٹک اورتملناڈو کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میٹنگ میں دونوں ریاستوں کے وزرائے آبی وسائل ، چیف سکریٹریز اور دیگر افسران موجود رہیں گے۔ اوما بھارتی کی طرف سے دونوں ریاستوں کو مکتوب روانہ کیاجاچکا ہے۔ مرکزنے بتایا کہ وزیراعظم مودی اس معاملے میں مداخلت کیلئے آمادہ تھے لیکن جموں وکشمیر میں تازہ صورتحال اور اڑی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں اپنی مصروفیات کے سبب اوما بھارتی کو اس میٹنگ کا اہتمام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اوما بھارتی سے کہا گیا ہے کہ کاویری کے پانی کی تقسیم کے فارمولے کو خوشگوار ماحول میں ترتیب دیا جائے۔کرناٹک کے آبی ذخائر کے آر ایس ، کبنی ،ہارنگی اور ہیماوتی میں پانی کی سطح کے متعلق مرکزی حکومت نے کرناٹک سے جانکاری طلب کی ہے، ساتھ ہی ریاست کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح کا جائزہ لینے کیلے مرکز نے خفیہ بیورو کے افسران کو روانہ کیا ہے۔ایسی ہی ایک ٹیم نے تملناڈو کے میٹور ، بلیگنڈو ، اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح کا جائزہ لے لیا ہے۔ 


Share: