نئی دہلی، 27؍جون(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پنجاب میں کانگریس کی نئی انچارج آشا کماری نے آج پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔کماری کی کانگریس صدر سے یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ زمین پر قبضہ کرنے کے ایک معاملے میں مجرم ٹھہرائے جانے کو لے کر پیدا ہوئے تنازعہ کے بعد بھی شاید ان کو نہیں ہٹایا جائے گا۔ ہماچل پردیش کے ڈلہوجی سے رکن اسمبلی کماری کو اس سال فروری میں چمبا کی ایک عدالت نے ایک سال کی جیل کی سزا سنائی تھی لیکن ابھی وہ ضمانت پرہیں۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی(اے آئی سی سی )کے ذرائع نے بتایاکہ کماری پنجاب کی انچارج بنی رہیں گی اور ریاست پرتوجہ دیں گی جہاں اسمبلی نتخابات ہونے ہیں۔اگرچہ وہ ہریانہ کی انچارج کانگریس سکریٹری کے عہدے پر نہیں رہیں گی۔اس عہدے پر وہ کچھ دنوں سے متعلقہ جنرل سکریٹری کے تحت کام کر رہی تھیں۔پنجاب میں پارٹی کے انچارج عہدے پر کماری کی تقرری کل کی گئی ہے ۔اس سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ کو پنجاب کانگریس کا انچارج بنایا گیا تھا لیکن 1984کے سکھ مخالف فسادات میں ان کے مبینہ کردار کو لے کر بی جے پی، شرومنی اکالی دل اور آپ کی طرف سے سوال اٹھائے جانے کے بعد انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔