کاروار 22جون (ایس او نیوز) ضلع محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے تحت ایک ماہی ملیریا مخالف مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کاروار میونسپالٹی کی نائب صدر لیلا بائی ٹھانیکر نے کہا کہ صاف ستھرے سماج اور صحتمند افراد کے لئے صاف ستھرا ماحو ل ایک بنیا دی ضرورت ہے۔اس لئے اگر ہم کو صحتمند رہنا ہے تو پھرہمیں اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا۔اگر ماحول گندہ رہے گاتو پھر مچھروں کی پرورش کے لئے وہ سازگار ہوگا جس سے ملیریا اور اس جیسی دیگر وبائی بیماریاں پھیل جاتی ہیں۔اس لئے عوام کو اپنی ذمے داری سمجھنا چاہیے اور ماحول کو پاک و صاف رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں وبائی امراض زیادہ عام ہوتے ہیں اس لئے ملیریا کی روک تھا م کے لئے ایک مہینے بھر کی مہم چلائی جارہی ہے۔
اس پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ضلع ہیلتھ افیسر ڈاکٹر اشوک نے کہا ساحلی علاقے میں بارش کے موسم میں انافیلیا مچھر کے کاٹنے سے ملیریا بخار کے معاملات بڑھ جاتے ہیں۔ گزشتہ سال 86معاملات درج ہوئے تھے امسال اب تک 14معاملات سامنے آئے ہیں۔2020تک ملیریا سے پاک سماج تشکیل دینے کا منصوبہ ہے ، اس میں عوام اپنا تعاون دیں۔ڈاکٹر رمیش راو¿ نے کہا کہ قدیم زمانے سے ہی ملیریا انسانیت کے لئے بڑی نقصان دہ بیماری رہی ہے۔اوریہ جون اور جولائی کے مہینے میں زیادہ پھیلتی ہے۔اس کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے اور اس کی روک تھام کرنے کی ضرورت ہے۔اپنے اطراف کے ماحول کو پاک وصاف رکھنے کے علاوہ مچھروں کو مارنے کے لئے ڈی ڈی ٹی اور دوسری دواو¿ں کا استعمال کیا جانا چاہیے۔کھڑکیوں پر مچھر وں کو روکنے والے جال لگانے کے علاوہ مچھروں کو بھگانے کے لئے گھروں کے اندرشام کے وقت دھونی دینا چاہیے۔
اجلاس کی صدارت تعلقہ پنچایت صدرپرمیلا نائک نے کی۔محکمہ صحت کے افسران کے علاوہ نرسنگ کالج اور پی یو سی کالج کے طلباءنے شرکت کی۔