کاروار 4؍دسمبر (ایس او نیوز)بھارتیہ جنتا پارٹی نے یہاں KPTCLدفتر کے سامنے واقع بلدیہ کی زمین پر کیا گیا ناجائز قبضہ ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم پیش کیا ہے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ پچھلے کچھ برسوں سے کے پی ٹی سی ایل کے روبرو واقع بلدیہ کی زمین پر باہر سے آکر یہاں بسنے والوں نے ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔ یہ زمین اس سے پہلے بلدیہ کے صفائی کرمچاریوں ( شیڈو ل کاسٹ) والوں کے لئے رہائشی عمارتیں بنانے کے لئے مختص کی گئی تھی۔ مگر اس پر ناجائز قبضہ ہوجانے کی وجہ سے یہ منصوبہ عمل میں نہیں لایا جاسکا۔ اب اس زمین پر ناجائز قبضہ کرنے والوں نے پکی عمارتیں بنوانا شروع کیا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پر مجرمانہ سرگرمیاں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں۔
مزید اس بات پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ شہر میں سڑکوں کی توسیع کے لئے نجی ملکیت والی زمینوں کو بھی طاقت اور قانون کے بل پر اپنے قبضے میں لینے والے سرکاری افسران خود سرکاری زمین پر سے ناجائز قبضہ ہٹانے میں کیوں دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہاں سرکاری افسران اور سیاست دان ووٹ بینک کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں اور اس طر ف سے آنکھیں موند کر بیٹھ گئے ہیں۔مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے اس قیمتی سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ ہٹانے کی کارروائی انجام دیں اور اس زمین کو کاروار بلدیہ کے کسی فائدہ مند منصوبے کے لئے استعمال کریں۔