ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار کالی ندی پر ایک اور آبی ذخیرہ تعمیرکرنے کا منصوبہ

کاروار کالی ندی پر ایک اور آبی ذخیرہ تعمیرکرنے کا منصوبہ

Fri, 26 Aug 2016 00:25:43    S.O. News Service

 کاروار 25/اگست (ایس او نیوز) جوئیڈا تعلقہ میں ماولنگی نامی علاقے میں ایک اور آبی ذخیرہ تعمیر کرنے کے تعلق سے حکومت نے کرناٹکا پاور کارپوریشن سے جانکاری طلب کرنے کی باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہے۔

خیال رہے کہ اس مقام پر بجلی کی پیداوار کے لئے آبی ذخیرہ تعمیر کرنے کی تجویز کوئی چالیس سال پرانی ہے۔چونکہ یہاں دونوں طرف پہاڑیاں موجود ہیں اس لئے آبی ذخیرہ تعمیر کرنا بہت آسان ہے۔مگر جب جب یہ تجویز حکومت کے زیر غور آئی ہے، تب تب کسی نہ کسی وجہ سے یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑتا رہا ہے۔1979میں اس منصوبے پر تعمیر کا ٹھیکہ بلاپور کمپنی کو دینے کی کارروائی شروع ہوگئی تھی۔مگر سنٹرل پاور اتھارٹی نے اس کو نامنظور کردیا تھا۔اس کے بعد1988میں مرڈیشور کی آر این ایس کمپنی نے بھی اس کا ٹھیکہ حاصل کیاتھا۔مگر منصوبہ پھر ٹھنڈے بستے میں چلا گیا۔

تازہ اطلاع کے مطابق اب اس میں دوبارہ جان ڈالنے کی کوشش حکومت کی طرف سے ہورہی ہے۔ اس لئے اس نے کرناٹکا پاور کارپوریشن سے کہاہے کہ اس منصوبے پر عمل کرنے کی صورت میں کتنے بڑے پیمانے پر ریوینیو اور جنگلاتی زمین بربادہوگی۔ کتنا علاقہ زیر آب آجائے گا۔کتنے خاندانوں کو وہاں سے دوسری جگہ منتقل ہونا پڑے گا، ان سب سوالات کی تفصیلی جانکاری پیش کی جائے۔اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاور کارپوریشن کی طرف سے مکمل رپورٹ ملنے کے بعد بڑی مدت سے التوا میں پڑے ہوئے اس منصوبے پر عملاً کام شروع ہوجائے گا۔

اگر یہاں آبی ذخیرہ تعمیر ہوتا ہے تو پھر 30میگاواٹ کے دو جنریٹروں کے ساتھ 60میگا واٹ بجلی کی پیداوار ہونے کا نشانہ طے کیا گیا ہے۔اس منصوبے کی تعمیر کا تخمینہ ہزاروں کروڑ روپوں پر مبنی ہے۔اگر اس پر عمل ہوتا ہے تو 215ہیکٹرریوینیو اور جنگلاتی زمین پانی میں غرق ہوجائے گی۔اور بہت سارے خاندان بے سہارا ہوکر یہاں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔پتہ چلا ہے کہ اس منصوبے سے متاثر ہونے والوں کو نقل مکانی کرنے اور دوسرے مقام پر آباد کرنے کے علاوہ ایسے ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دینے کی تجاویز حکومت کے زیر غور ہیں۔


Share: