نئی دہلی، 6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )چار نجی ایئر لائن کمپنیوں کے 34پائلٹوں کو وہاٹس ایپ گرو پ پر افسران کے خلاف فحش میسج پوسٹ کرنے کے ایوی ایشن ریگولیٹری ڈی جی سی اے کی شکایت پر منگل کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔پولیس نے ان پائلٹوں سے اس معاملے میں پوچھ گچھ بھی کی ہے۔یہ پائلٹ جیٹ ایئر ویز، اسپائس جیٹ، گواےئر اور انڈیو کے ہیں۔شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل یعنی ڈی جی سی اے نے مبینہ طور پر وہاٹس ایپ پیغامات کے اسکرین شاٹ بھی جمع کرائے ہیں ، جس میں پائلٹوں نے مبینہ طور پر ڈی جی سی اے پر نشانہ لگانے کے لیے نامناسب زبان کا استعمال کیاہے ۔یہ چیٹ مبینہ طور پر ڈائریکٹر کو لیک کئے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے کچھ میسج انتہائی قابل اعتراض ہیں اور ان میں خاندان کے ارکان تک کو نامناسب طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ان پائلٹوں کو پوچھ گچھ کے لیے دہلی بلایا گیا تھا۔ذرائع نے کہا کہ ڈی جی سی اے کے افسر نے ان پائلٹوں کو پرواز ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے اور ایئر لائنس کو ان کا ذہنی جانچ کرانے کے لیے بھی کہا ہے ،کیونکہ وہ کوئی عہدہ بھی ٹھیک سے نہیں لکھ پاتے ہیں۔ڈی جی سی اے کے جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل نے پائلٹوں کی طرف سے ان کو لکھے گئے خط میں ان کے عہدے کا صحیح ذکر نہ کرنے کے لیے اعتراض کیا ہے ۔