نیویارک،20؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)رواں برس کے امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے چیئرمین پال منفورٹ نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہیں روسی حکومتی حلقوں کے ساتھ تعلقات پر داخلی سیاسی دباؤ کا سامنا تھا۔ منفورٹ کو دو روز قبل اس ارب پتی سیاستدان نے اپنی انتخابی مہم کی ٹیم میں رد و بدل کرتے ہوئے قدرے کنارے پر لا کھڑا کیا تھا۔ پال منفورٹ ایک تجربہ کار سیاسی اسٹریٹیجسٹ قرار دیے جاتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں منفورٹ کی مجموعی کارکردگی کو شاندار خیال کرتے ہوئے انہیں ایک سمجھدار پروفیشنل قرار دیا۔ اُن کے بارے میں گزشتہ روز کییف حکومت نے بعض خفیہ معلومات بھی عام کی تھیں۔