ممبئی، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بامبے ہائی کورٹ نے 2001 کے جیہ شیٹی قتل کیس میں گینگسٹر چھوٹا راجن کو ضمانت فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ رواں سال کے آغاز میں چھوٹا راجن کو جیہ شیٹی قتل کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم اب اس سزا کو معطل کر دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور جسٹس پرتھوی راج چوہان کی دو رکنی بنچ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکہ پر چھوٹا راجن کو ضمانت دینے کا حکم صادر کیا۔ تاہم، اس کے باوجود چھوٹا راجن کی جیل سے فوری رہائی ممکن نہیں ہو گی، کیونکہ وہ دیگر مجرمانہ کیسوں میں بھی سزا کاٹ رہا ہے اور جیل میں ہی رہے گا۔
جہاں تک جیہ شیٹی کی بات ہے، وہ وسطی ممبئی کے گام دیوی میں گولڈن کراؤن ہوٹل کی مالکن تھیں۔ ممبئی کی ایک مکوکا عدالت کے خصوصی جج ایم ایم پاٹل نے اس قتل معاملے میں راجن کو قصوروار ٹھہرایا تھا۔ چھوٹا راجن گروہ کی طرف سے جبراً وصولی کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی جیہ شیٹی کو اس گروہ کے 2 مبینہ اراکین نے 4 مئی 2001 کو ہوٹل کی پہلی منزل گولی مار دی تھی۔
چھوٹا راجن گروہ سے جبراً وصولی کی دھمکی ملنے کی خبر کے بعد ہوٹل تاجر کو پولیس سیکورٹی فراہم کی گئی تھی، لیکن حملہ سے دو ماہ قبل شیٹی کی گزارش پر ان کی سیکورٹی واپس لے لی گئی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ 2001 کو تاوان دینے سے انکار کرنے پر گرانٹ روڈ کے گولڈن کراؤن ہوٹل میں راجن کے لوگوں نے جیہ شیٹی کا گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ راجن گینگ نے روی پجاری کے ذریعہ جیہ شیٹی سے 50 کروڑ روپے کا تاوان مانگا تھا۔ اس معاملے میں دیگر ملزم اجئے موہتے، پرمود دھونڈے اور راہل پاوسرے کو 2013 میں قصوروار ٹھہرایا گیا اور تاحیات جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔