گروس آئلیٹ،14؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ویسٹ انڈیز کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز میں ناقابل تسخیر سبقت بنانے والے ہندوستانی کرکٹ کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ اب ان کی ٹیم 18اگست سے شروع ہونے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں اور مثبت سوچ کے ساتھ اترے گی۔کوہلی نے کہا کہ تیسرا ٹیسٹ جیت کر اچھا لگ رہا ہے کیونکہ جمیکا میں ایک دن کا کھیل نہیں ہو سکا تھا اور پانچواں دن واقعی مشکل تھا۔ہمیں وہ نتیجہ نہیں مل سکا جو ہم چاہتے تھے،یہاں بھی ہم نے دو دن اچھا کھیلا اور پھر تیسرے دن کھیل نہیں ہوا لیکن چوتھے دن گیند بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھونیشور کمار کا مظاہرہ شاندار تھا اور 24اوور میں 28رن دے کر پانچ وکٹ لینا بہت اچھا تھا،اس سے حالات بدل گئے،پہلی اننگز کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جس میں ردھمان ساہا اور آر اشون نے عمدہ بلے بازی کی تھی۔کوہلی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے حکمت عملی پر عمل کر کے سیریز یہیں جیت لی،ب ہم مثبت سوچ کے ساتھ اتریں گے،ہمیں پتہ ہے کہ ہمیں کن پہلوؤں پر محنت کرنی ہے۔