بنگلورو۔24؍اگست(ایس او نیوز)آج ہوئے ریاستی کابینہ اجلا س میں بنگلور چنئی صنعتی کاریڈور کو چترادرگہ تک پھیلانے پر اتفاق کرلیا گیا۔ اس فیصلے سے ٹمکور اور چترادرگہ سمیت دیگر علاقوں میں صنعتی ترقی کو کافی فروغ مل سکتا ہے۔ آج ریاستی کابینہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا نے یہ بات بتائی،اور کہاکہ مجوزہ صنعتی کاریڈور کیلئے اراضی کی خریداری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے مقصد سے 421 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ ٹمکور کے وسنت نرساپورہ میں جامع ٹولس پارک قائم کرنے کیلئے آج کابینہ نے منظوری دی، جس میں 322کروڑ روپیوں کا سرمایہ لگایا جائے گا اور 4؍ہزار افراد کیلئے روزگار کا موقع مہیا کرایا جائے گا۔مرکزی حکومت اس پارک کیلئے 125 کروڑ روپیوں کا گرانٹ فراہم کرے گی۔ ریاستی کابینہ نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ریاستی ہائی کورٹ کے سبھی افسران اور ملازمین کو مرکزی حکومت کے ملازمین کے برابر تنخواہیں دینے پر اتفاق کرلیا، اس سلسلے میں کل ایک اور قطعی میٹنگ میں فیصلہ لیا جائے گا۔کابینہ نے کرناٹکا پبلک سرویس کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2014-15 گورنر کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا۔ محکمۂ مالیات کے تحت خدمات عامہ بھرتی ضوابط 2016 کو کابینہ نے آج منظوری دی۔ مقامی بلدی اداروں کی طرف سے جو ٹیکس وصول کیا جاتا ہے اس کے ساتھ 25 فیصد ڈیولپمنٹ فیس کی رقم کرناٹکا لیک ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی۔باغبانی پر مشتمل فصلوں کی آبیاری کیلئے 32.22کروڑ روپیوں کی لاگت پر پانی کی فراہمی کے منصوبے کو منظوری دی گئی ۔گدگ کے ہومبال ریلوے اسٹیشن کی حدود میں ایک بالائی پل 23.08 کروڑ روپیوں کی لاگت پر تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ جواہر لال نہرو اربن رینول مشن اور مرکزی حکومت کے دیگر منصوبوں کے تحت گرانٹ کی فراہمی میں تاخیر کے سبب ریاستی حکومت نے اپنے حصہ کی رقم 836 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔کلبرگی ضلع کے چنچولی تعلقہ کے جکور کے قریب ایک پل اور بیاریج کی تعمیر کو بھی منظوری دی گئی۔ اڈپی ضلع میں 400 بستروں پر مشتمل سوپر اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر کیلئے ضلع میں تین زمینات لیز کی بنیاد پر وینچرس گروپ کے شٹی کو مہیا کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس اسپتال کی تعمیر پر 150تا200کروڑ روپیوں کا سرمایہ لگے گا۔