کنداپور،20؍جنوری (ایس او نیوز)سال 2009میں کنداپور تعلقہ کے ہوسانگڈی میں پیش آئے پٹرول ٹینکر ڈکیتی معاملے میں تحقیقاتی افیسر کی دوبارہ جرح (کراس ایکزامی نیشن) کنداپور کے ایڈیشنل سیشنس عدالت میں کی گئی ۔
واضح رہے کہ ہوسانگڈی سے پٹرول بھرے ٹینکرکے ڈرائیور اور کلینرکے ہاتھ پیر باندھ کرٹینکر اغوا کرنے ، ڈرائیور اور کلینر کو بیندور کے قریب سڑک پر پھینکنے اور پٹرول کو مرڈیشور میں اس وقت کے شمالی کینرا ضلع پنچایت نائب صدر منکال ایس وئیدیا کو فروخت کرنے کا معاملہ کنداپور تعلقہ کے شنکر نارائن پولیس اسٹیشن میں درج ہواتھا۔اس کیس میں موجودہ ایم ایل اے منکال وئیدیا 8ویں ملزم ہیں۔ پچھلے کچھ برسوں سے یہ مقدمہ کنداپور کے ایڈیشنل سیشنس کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ چارج شیٹ داخل ہونے کے بعد گواہوں کے بیانات اور جرح کا کام مکمل ہوگیا تھا۔ لیکن ملزمین میں شامل شیرور کے موہن پجاری اور بھٹکل ایم ایل اے منکال وئیدیا نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ تحقیقاتی افیسراور اس زمانے میں کنداپور کے انسپکٹر ایم این چندر شیکھر کی بطور گواہ دوبارہ جرح کرنے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نے ان کی اس اپیل کو مانتے ہوئے دوبارہ کراس ایکزامی نیشن کے لئے تحقیقاتی افیسر کو طلب کرلیا۔
سمجھا جاتا ہے کہ جلد ہی پراسیکیوشن کی طرف سے بحث اور جرح مکمل ہوگی، اس معاملے پر عدالت کا فیصلہ سامنے آجائے گا۔