دبئی ،23؍جنوری (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)خواتین ٹی 20ورلڈ کپ اس سال نو سے 24نومبر تک انٹیگا اور باربوڈا، گیانا اور سینٹ لوسیا میں کھیلا جائے گا۔میزبان ویسٹ انڈیز 2016میں آسٹریلیا کو شکست دے کر جیتا گیا خطاب برقرار رکھنے کی کوشش میں ہوگی۔ گزشتہ سال آئی سی سی ٹی 20 ٹیم کی کپتان منتخب کی گئی اسٹیفنی ٹیلرایک بار پھر ویسٹ انڈیز کی کمان سنبھال سکتی ہے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے تینوں وینیو کا انتخاب بولی کے عمل کے بعد کیا اور آئی سی سی کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ چمپئن ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ بہترین میزبان ثابت ہوں گے۔ویسٹ انڈیز کے علاوہ اس میں آسٹریلیا، عالمی چمپئن انگلینڈ، نیوزی لینڈ،ہندوستان، پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں نظر آئیں گی۔باقی دو جگہ بنگلہ دیش، ہالینڈ، آئر لینڈ، پاپوا نیو گنییا، اسکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ، یوگنڈا یا متحدہ عرب امارات میں سے ملے گی۔یہ تینوں سے 14جولائی تک ہالینڈ میں ٹی 20 کوالیفائر کھیلیں گے۔کیریبین ٹیم نے 2007 ورلڈ کپ اور 2010 ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔