بنگلورو20؍ستمبر(ایس او نیوز) کولار کے رکن اسمبلی ورتور پرکاش اور بنگار پیٹ کے رکن اسمبلی ایس این نارائن سوامی پر محکمۂ سماجی بہبود کے جوائنٹ ڈائرکٹر نے فون پر دھمکی دینے کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی ہے۔ کولار ضلع کے سوشیل ویلفیر جوائنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر بی کے ناگراجو نے بنگارپیٹ کے کانگریس رکن اسمبلی ایس این نارائن سوامی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے فون کے ذریعہ غیر قانونی بلوں کی منظوری دینے کی انہیں دھمکی دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ورتور پرکاش پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ان سے رقم کا تقاضہ کیا۔ اپنے الزامات کی تائید میں ناگراج نے کال ریکارڈنگ کی سی ڈی بھی منظر عام پر لائی ہے۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اراکین اسمبلی کی طرف سے انہیں خطرہ لاحق ہے اسی لئے فوراً انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ہاسٹلوں میں پکوان کا جو ٹھیکہ دیا جاتاہے اسے منظور نہ کرنے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی ، جبکہ ورتور پرکاش نے ان سے 8 لاکھ روپیوں کا مطالبہ کیا۔متعلقہ آفیسر کی طرف سے جاری کئے گئے کال ریکارڈنگ کے آڈیو سوشیل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پھیلادئے گئے ہیں۔ اراکین اسمبلی نے جوائنٹ ڈائرکٹر کے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاکہ محکمۂ سماجی بہبود میں بد عنوانیاں بہت زیادہ ہوچکی ہیں ،اسی لئے انہوں نے جوائنٹ ڈائرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا نہ کہ انہیں دھمکی دی۔انہوں نے کہاکہ محکمۂ سماجی بہبود کی طرف سے نرسنگ کی طالبات کو ماہانہ مشاہرہ کی رقم واجب الادا تھی اور یہ رقم انہوں نے اپنے صرف خاص سے ادا کی تھی، جسے واپس طلب کیا گیا تو بدنام کیا جارہاہے۔