بنگلورو،19؍جون(ایس اونیوز) سرکاری اور دیگر اداروں اور انجمنوں کی گاڑیاں جو آج ودھان سودھا میں داخل ہوئیں تو غیر یقینی طور پر انہیں آر ٹی او اور پولیس کی جانچ کا سامنا کرنا پڑا۔ حال ہی میں ریاستی اسمبلی میں صفر ساعت کے دوران سابق وزیر اور سینئر بی جے پی رکن سریش کمار کی طرف سے یہ معاملہ اٹھایا گیا تھا کہ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر پر حکومت توجہ دے کہ کس طر ح مختلف اداروں اور انجمنوں سے وابستہ لوگ اپنی گاڑیوں کے نمبر پلیٹ پر جلی حروف میں اداروں کے نام لگا کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔اس مرحلے میں وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے مسٹر سریش کمار کو بتایاتھاکہ نمبر پلیٹ میں تحریف یا اس پر حکومت کی اجازت کے بغیر کسی بھی گاڑی کے نمبر پلیٹ پر گاڑی کے نمبر کے علاوہ کچھ بھی درج نہیں کیاجا سکتا۔ ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے آج تلاشی مہم کا سلسلہ ودھان سودھا سے ہی شروع کیاگیا۔ سب سے پہلے وزیر صحت رمیش کمار کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور اس گاڑی میں غیر قانونی طور پر چسپاں کئے گئے کولنگ پیپرس نکال دئے گئے ۔ اس کے ساتھ ہی ودھان سودھا میں داخل ہونے کی کوشش میں یہاں آنے والے مختلف اداروں کے ذمہ داروں کی کاروں کو روکا گیااور ان کے نمبر پلیٹ نکال لئے گئے۔