نیویارک،19؍ستمبر (ایس او نیوز ؍ آئی این ایس انڈیا )گذشتہ روز امریکہ کے نیویارک شہر میں مین ہٹن کی چیلسی کالونی میں دہشت گردی کے واقعے کی ایک نئے زاویے سے بنائی گئی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں راہ گیروں کو سخت خوف وہراس میں مبتلا دیکھا جاسکتا ہے۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک فوٹیج میں دہشت گردی کے واقعے کے نتیجے میں لوگ سخت سہمے ہوئے اور سکتے میں دکھائی دیتے ہیں۔ خوف کے مارے لوگ بھاگ رہے ہیں اور ان کے ہوش وحواس اڑے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔خیال رہے کہ مین ہٹن کے ایک تجارتی مرکز میں ہفتے کی شام ہونے والے بم دھماکے میں تیس کے قریب افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ دھماکوں کے بعد لوگ خوف کے عالم میں وہاں سے فرار ہونا شروع ہوگئے تھے۔نیویارک فائر بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دھماکوں اور آتش زدگی کے نتیجے میں 29افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ابتدائی تحقیقات میں امریکی پولیس نے دھماکوں کو مجرمانہ کارروائی قرار دیا تھا تاہم کہا تھا کہ اس واقعے کا دہشت گرد گروپوں کے ساتھ کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا ہے۔