نیویارک ، 20؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )امریکہ کی رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونا لڈ ٹرمپ نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ نیویارک بم دھماکے کے مشتبہ ملزم احمد خان رحامی کی گرفتاری کے بعد انھیں طبی اور قانونی امداد فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ حراست میں لیے گئے 28سالہ مشتبہ شخص احمد خان رحمی افغان نژاد امریکی شہری ہیں۔احمد خان رحمی کو پانچ مواقع پر قتل کی کوششوں کا ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا تھا اب ہم انھیں ہسپتال میں داخل کروا دیں گے۔ دنیا کے کچھ بہترین ڈاکٹر ان کا خیال رکھیں گے۔کتنی بری صورتِ حال ہے کہ انھیں ایک جدید ہسپتال کا کمرہ فراہم کیا جائے گا اور شاید انھیں روم سروس بھی مہیا ہو۔اس سے پہلے حکام نے کہا تھا کہ احمد خان رحامی ایک روبوٹ کی مدد سے بم کو ناکارہ بنا رہے تھے جب وہ پھٹ گیا۔حکام نے بتایا کہ یہ ان پانچ بموں میں سے ایک تھا جو کہ ایک بستے میں سٹیشن کے قریب ملے تھے۔احمد خان رحمی کو پانچ مواقع پر قتل کی کوششوں کا ملزم ٹھہرایا گیا ہیحکام نے بتایا کہ یہ ایک کنٹرولڈ ڈیٹونیشن یعنی جان بوجھ کر بم کو ایک محتاط انداز میں تباہ کرنے کی کارروائی نہیں تھی اور یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب روبوٹ نے ایک تار کاٹی۔یاد رہے کہ گذشتہ اختتامِ ہفتہ پر نیویارک اور نیوجرسی میں تین دھماکے کیے گئے۔ نیویارک شہر کے علاقے چیلسی میں ہونے والے دھماکے میں 29افراد زخمی ہوئے تھے تاہم ان سب کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔چیلسی کا شمار مین ہٹن کے امیر علاقوں میں ہوتا ہے جہاں بازار اور ریستوران ہفتے کے آخر میں کافی مصروف ہوتے ہیں اور یہاں ہجوم رہتا ہے۔اس سے قبل امریکہ میں حکام کا کہنا تھا کہ نیویارک میں سنیچر کی رات ہونے والے دھماکے اور قریب سے ہی ملنے والے ایک اور آلے دونوں ہی میں لوہے کے ٹکڑوں بھرے پریشر ککر کا استعمال کیا گیا۔