نئی دہلی،11؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی برائیوں کو دور کرکے سوامی وویکانند کے خوابوں کا ملک تعمیر کرنے کیلئے لوگوں بالخصوص نوجوانوں سے آگے آنے کی اپیل کی تاکہ ایک بھارت اور شریشٹھ بھارت کی تشکیل ہوسکے۔ مودی نے سوامی وویکانند کے شکاگو خطاب کی 125ویں سالگرہ کے موقع پر دین دیال تحقیقاتی مرکز کی طرف سے آج وگیان بھون میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 125سال پہلے وویکانند نے صرف 30برس کی عمر میں شکاگو میں گیارہ ستمبر 1893میں تاریخی تقریر کی تھی جس سے پوری دنیا میں ان کی شہرت پھیل گئی تھی۔ اگر دنیا نے ان کی تقریروں کے پیغام کو اپنایا ہوتا تو امریکہ کی سرزمین پر 9/11کا واقعہ رونما نہ ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے سوامی وویکانند کی اس تقریر کے 100سال پورے ہونے پر شکاگو کے اس کانفرنس ہال میں جانے کا موقع ملا تھا جہاں انہوں نے یہ تاریخی تقریر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سوامی وویکانند نے صرف 30برس کی عمر میں دنیا کو راستہ دکھایا تھا اور ہندوستان کا وقار بڑھایا تھا۔ وہ ملک کے باہر ہندوستان کی عظیم ثقافتی روایات اور ورثے کا ذکر ضرور کرتے تھے اور اس پر فخر بھی کرتے تھے۔ لیکن وہ اس کے ساتھ ہی ملک میں موجود سماجی برائیوں کا بھی ذکر کرتے تھے اور انہیں دور کرنے کی بات کہتے تھے۔ وہ عوام کی خدمت کو ہی عبادت سمجھتے تھے اور اس لئے مندروں میں پوجا پاٹ کرنے کے بجائے عوام کی خدمت پر زور دیتے تھے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ اس وقت ملک میں سوامی وویکانند سے کم عمر کی 65 فیصد آبادی ہیا وراسے بھی سماجی برائیوں کو دور کرنے کا عزم کرنا چاہئے ۔
مودی نے نوجوان طبقے پراختراعی مزاج پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ اسے روزگار کھوجنے کے بجائے روزگار پیدا کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔انہوں نے اس سلسلے میں تجارتی خطر پسندی پر زور دینیکی سوامی وویکانند کا بھی ذکر کیا۔ مودی نے نوجوان طبقے کو ہنرمندی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک نوجوانوں کی ان صلاحیتوں کی فروغ کا منتظر ہے ۔ ہنر مندی وقت کا تقاضہ ہے۔ اسی لئے حکومت نے اس سلسلے میں کئی اسکیمیں شروع کی ہیں۔ وزیراعظم نے سوامی وویکانند اور جمشید جی ٹاٹا کے درمیان بات چیت اور خط و کتابت کا بھی ذکر کیا ہے جس میں وویکانند نے بھی ٹاٹا سے ملک میں صنعتیں لگانے کی بھی بات کی تھی۔ انہوں نے اس موقع پر وونوبا بھاوے اور دین دیال اپادھیائے کا بھی حوالہ دیا جن کی سالگرہ منائی جارہی ہے۔وزیراعظم نے صفائی مہم کو آگے بڑھانے کے لئے طلبہ سے یونیورسٹی کمپلیکسوں سے صاف ستھرا رکھنے کی اپیل کی اور بیٹیوں کو اس بات کیلئے مبارک باد اور شاباشی دی کہ وہ بیت الخلا نہ ہونے پر شادیاں کرنے سے منع کررہی ہیں۔ اس سے پہلے وزیرثقافت ڈاکٹر مہیش شرما نے لوگوں کو مسٹر مودی کی قیادت میں نئے ہندوستان کی تعمیر کرنے کی صلاح دی تاکہ 2022تک یعنی کہ آزادی کے 75سال میں افلاس، دہشت گردی، ذات پات ، فاقہ کشی سے پاک ہندوستان وجود میں آسکے۔