منگلورو 12؍جون (ایس او نیوز)وہاٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے لاٹری،قیمتی انعامات اور بڑی مقدار میں خیراتی رقم فراہم کرنے کا لالچ دے کر لوگو ں کو لوٹنے کا سلسلہ بے روک ٹوک جاری ہے۔تعجب اس بات پر ہوتا ہے کہ بھولے بھالے عوام ہی نہیں بلکہ پڑھے لکھے اور سیانے لوگ بھی ان جعلسازوں کے فریب میں آجاتے ہیں اور اپنی جمع پونجی گنو ا بیٹھتے ہیں۔اکثر و بیشترانٹر نیٹ کے ذریعے دھوکہ دہی کرنے والے ان شاطر لٹیروں کا پتہ چلانا ممکن نہیں ہوتا کیونکہ ان میں اکثریت غیرملکی اور افریقی ممالک کے باشندوں کی ہوتی ہے۔
اس طرح کی دھوکہ دہی کا تازہ واقعہ منگلورو میں پیش آیا ہے جس میں ہمارے اپنے ملک کے دو دھوکہ باز ملوث تھے جنہیں منگلوروپولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ کہتے ہیں کہ شمال مشرقی ریاست میزورم کے لال تان مالیا(۳۴سال) اور منی پور کے کوپ بوئی عرف لیان کوپ نے رایل بینک آف اسکاٹ لینڈ کے نام سے ویب سائٹ بنائی تھی۔ پھر انہوں نے منگلورو کے وائلیٹ ڈیسوزا نامی شخص کو ای میل کے ذریعے یہ پیغام بھیجا کہ اسے غیر ملکی کرنسی اور قیمتی تحائف دینا منظور کیا گیا ہے۔ جب ڈیسوزا ان دھوکہ بازوں کے جھانسے میں آگیا تو انہوں نے اس سے 21.58لاکھ روپے اپنے کھاتے میں جمع کروائے۔ اور پوری رقم ہڑپ کرلی۔
۳۱ مئی کوجب الال پولیس اسٹیشن میں وائلیٹ ڈیسوزا نے شکایت درج کروائی توپولیس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گہرائی سے تحقیقات کی اور بین الاقوامی دھوکہ بازوں کے ان دو گرگوں کو نئی دہلی کے وکاس پوری علاقے سے گرفتارکرنے میں کامیابی حاصل کی۔پولیس کمشنر ایم چندرا سیکھر اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران کی نگرانی میں الال پولیس انسپکٹر کے آر گوپی کرشنا، پی ایس آئی راجیندرااور اے ایس آئی وجئے راج نے تحقیقات اور گرفتاری کی اس مہم میں حصہ لیا۔