ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نرملا سیتا رمن ملک کی نئی وزیر دفاع،پاریکرکی جگہ لیں گی

نرملا سیتا رمن ملک کی نئی وزیر دفاع،پاریکرکی جگہ لیں گی

Mon, 04 Sep 2017 12:23:46    S.O. News Service

نئی دہلی،3ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کابینہ کی توسیع میں تو خاص نہیں تھا لیکن قلمدانوں کے تقسیم نے یقیناًسب کو چونکا دیا ہے ۔ نرملا سیتا رمن جن کے بارے میں پچھلی توسیع میں نکالے جانے کی تلوار لٹکی ہوئی تھی ان کو اب ملک کا وزیر دفاع بنایا گیا ہے۔ وہ اندرا گاندھی کے بعد دوسری خاتون وزیر دفاع ہیں۔ نرملا سیتا رمن کے لئے یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ وہ ابھی تک صرف وزیر مملکت تھیں اور پہلی بار ان کو کابینہ کا درجہ دیا گیا ہے ۔ کابینہ کا وزیر بنتے ہی ان کو ملک کے دفاع کی وزارت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ نرملا سیتا رمن کو وزیر دفاع بنائے جانے کو خواتین کو با اختیار بنانے کی سمت ایک بڑے قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ واضح رہے اب سلامتی پر کابینہ کی کمیٹی (سی سی ایس ) میں دو خاتون وزراء ہوں گی ۔ وزیر خارجہ سشما سواراج کے بعد نرملا بھی(سی سی ایس ) کی رکن ہوں گی ۔سریش پربھو جنہوں نے مظفر نگر میں ریل حادثہ کے بعد استعفی کی پیش کش کی تھی اور ان کو وزیر اعظم نے کچھ دن انتظار کرنے کے لئے کہا تھا ان کو اب کامرس کی وزارت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے دفاع کی ذمہ داری لے لی ہے اور ان کو خزانہ کے ساتھ کارپوریٹ معاملات کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ نئے کابینہ کے وزیر پیوش گوئل کو ریلوے کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ دھرمیندر پردھان کو پیٹرولیئم کے ساتھ روڈی کی وزارت اسکل ڈولپمنٹ کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ کابینہ میں واحد مسلم وزیر مختار عباس نقوی کی ذمہ داری میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے بس ان کو کابینہ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ ادھر اوما بھارتی سے گنگا کی صفائی محکمہ کی ذمہ داری لے کر نتن گڈکری کو سونپ دی گئی ہے جس سے صاف اندازہ ہوتا ہے کہ وزیر اعظم ان کے کام کاج سے خوش نہیں ہیں ۔ اسمرتی ایرانی کی دونوں وزارتیں برقرار رکھیں گئی ہیں یعنی ان پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔کابینہ میں شامل ہوئے چار سابق بیو روکریٹس کو بھی اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔سابق سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ کو بجلی کے وزارت کی پوری ذمہ داری دی گئی ہے وہ اس وزارت میں وزیر مملکت آزادانہ چارج کے ساتھ ہیں ۔ سابق آء ایف ایس ہردیپ پوری کو شہری ترقی کی وزارت کا آزادنہ چارج دیا گیا ہے۔ سابق آئی اے ایس افسر الفانسو کو ٹورزم کا آزادنہ چارج دیا گیا ہے ۔


Share: