ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ناسک آرٹلری سنٹر میں مشق کے دوران دھماکہ، دو اگنی ویر جوان جاں بحق

ناسک آرٹلری سنٹر میں مشق کے دوران دھماکہ، دو اگنی ویر جوان جاں بحق

Sat, 12 Oct 2024 11:10:35    S.O. News Service

ناسک، 12/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ناسک کے آرٹلری سنٹر میں ایک دلخراش حادثے کے دوران تربیتی مشق کرتے ہوئے دو اگنی ویر جوانوں کی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جوان توپ کے گولے لوڈ کر رہے تھے اور اچانک ایک شدید دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ان کی جانیں ضائع ہو گئیں۔ یہ افسوسناک واقعہ فائرنگ رینج میں پیش آیا، جہاں توپ خانے کی فائرنگ کی مشق جاری تھی۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گولے کے ٹکڑے دونوں اگنی ویرز کے جسم میں گھس گئے، جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر زخموں کی شدت کی وجہ سے دونوں کی جان بچائی نہ جا سکی۔ جاں بحق ہونے والے اگنی ویروں کی شناخت گوہل سنگھ (عمر 20 سال) اور سیفت شیت (عمر 21 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک اور اگنی ویر بھی شدید زخمی ہے، جس کا علاج جاری ہے۔

یہ واقعہ فوج کی تربیتی پالیسی ’اگنی پتھ‘ کے تحت تربیت حاصل کرنے والے اگنی ویروں کے ساتھ پیش آیا۔ اس منصوبے کے تحت نوجوان مرد و خواتین کو مختصر مدت کے لیے مسلح افواج میں خدمات انجام دینے کا موقع دیا جاتا ہے۔ مذکورہ دونوں اگنی ویر حال ہی میں اس منصوبے کے تحت ناسک آرٹلری سنٹر میں شامل ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد مقامی پولیس اور آرمی حکام نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا تاکہ دھماکے کی وجوہات کا پتہ چل سکے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ توپ خانے کے گولے لوڈ کرتے وقت ہوا۔ دھماکہ کسی غلطی کی وجہ سے ہوا یا توپ خانے کے گولے میں کوئی خرابی تھی، اس سلسلے میں کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اس واقعے کے بعد پورے آرٹلری سنٹر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سیاسی حلقوں میں بھی اس حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی رہنما سپریا سولے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اس واقعے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناسک کے آرٹلری سنٹر میں دو اگنی ویرز کی موت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزارت دفاع کو چاہیے کہ ان دونوں جوانوں کو شہید کا درجہ دے اور ان کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔


Share: