بھٹکل 2؍جنوری ( ایس او نیوز)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ضلعی لیڈر شانتارام نائک کا کہنا ہے کہ ضلع شمالی کینرا امن اور شانتی کے مشہور تھا، لیکن پچھلے کچھ دنوں سے ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے یہاں بدامنی پھیل گئی ہے اور ضلع کے نام کو کلنک لگانے کا کام ہواہے۔
شانتارام نائک نے ان خیالات کا اظہار بھٹکل میں اخباری کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ مہینوں سے ضلع میں نفرت کی آگ بھڑک اٹھی ہے۔امن اور بھائی چارگی کی فضا ختم ہوگئی ہے۔شرپسند وں کی طرف سے ذات پات اور مذہب کے نام پر دنگے برپا کیے جارہے ہیں۔کسی ایک نظریے کو سامنے رکھ کر فضا میں زہر پھیلانا صحیح نہیں ہے۔اس کی وجہ سے ضلع میں ترقی اور بھائی چارگی کو فروغ نہیں مل رہا ہے۔ان فسادات کی وجہ سے روزانہ مزدوری کرکے زندگی گزارنے والوں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سی پی آئی ایم اس طرح نفرت اور اشتعال انگیز ماحول پیدا کرنے والوں کی کڑی مذمت کرتی ہے۔
شانتارام نے بتایا کہ2جنوری سے5 جنوری تک موڈبیدری میں سی پی آئی ایم کا 25واں ریاستی اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں سیتا رام یچوری جیسے مرکزی لیڈران شامل ہورہے ہیں۔ضلع شمالی کینرا سے بھی بہت سے نمائندے اس اجلاس میں شریک ہونگے۔ریاستی اجلاس کے دوران ریاست میں امن وامان کی بحالی اور مذہبی منافرت کے خلاف آئندہ اقدامات پرغور اور فیصلے ہونگے ، جس میں 30جنوری کو انسانی زنجیر بنانے کا پروگرام بھی شامل ہے۔