ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور میں نشہ آور دوائیاں غیر قانونی طور پر فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹور پرپولیس کا چھاپہ

مینگلور میں نشہ آور دوائیاں غیر قانونی طور پر فروخت کرنے والے میڈیکل اسٹور پرپولیس کا چھاپہ

Thu, 28 Sep 2017 19:19:01    S.O. News Service

منگلورو28؍ستمبر (ایس او نیوز) ڈاکٹروں کی چٹھی کے بغیر نشہ بازوں کو عام قیمت سے زیادہ دام لے کر نشہ آور دوائیاں فروخت کرنے والے ایک میڈیکل اسٹور پر پانمبور پولیس نے چھاپہ مارا اور متعلقہ دوائیاں ضبط کر لی گئیں۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق پانمبور پولیس نے محمد اظہر (23) نامی نوجوان کو گانجہ نوشی کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ اس وقت اس کے قبضے سے نائٹراویٹ (نیند لانے والی ) گولیوں کی ایک اسٹرپ اور ٹاسیکس سیرپ (کھانسی کی دوا)بھی برآمد ہوئی تھی۔ تفتیش کے دوران محمد اظہر نے بتایا کہ اس نے یہ دوائیاں پی کے ایس ہیلتھ کیور میڈیکل شاپ سے خریدی تھیں۔

چونکہ ان دواؤں کے استعمال سے غنودگی اور نیند کا غلبہ ہوجاتا ہے اس لئے طبی قانون کے مطابق یہ دوائیاں شیڈول'H'میں شامل ہیں جسے کسی رجسٹرڈ ڈاکٹرکی چٹھی کے بغیر فروخت کرنا ممنوع ہے۔مگر عام طور پر نشے کے عادی افراد گانجہ اور حشیش کے ساتھ ایسی نیند لانے والی اور کھانسی کی دواؤں کا بھی استعمال کرتے ہیں جس سے نشے میں اضافہ ہوجاتا ہے۔نشے بازوں کی اس لَت کا فائدہ اٹھاکر کچھ میڈیکل اسٹور والے ڈاکٹروں کی چٹھی کے بغیر ہی یہ دوائیں نشے بازوں کو بڑھے ہوئے داموں پر فروخت کرتے ہیں۔

پانمبور پولیس نے اظہر سے ملی اطلاع کی بنیاد پر سادہ لباس میں ایک پولیس کانسٹیبل کو مذکورہ میڈیکل اسٹور پر گاہک کی شکل میں بھیجا اور جیسے اسٹور والوں نے دوائی فروخت کی تو پولیس نے دھاوا بول دیا۔ تلاشی کے دوران ٹاسیکس سیرپ اورکلورفینارامین میلیئٹ(سردی کی دوا) کی 30 بوتلیں اور نائٹراویٹ گولیوں کے10اسٹرپس ضبط کیے گئے جس کی مالیت 30ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ضابطے کی کارروائی انجام دینے کے بعد پولیس نے یہ کیس اسسٹنٹ ڈرگس کنٹرولر کو منتقل کیا تاکہ مزید قانونی کارروائی انجام دی جاسکے۔
 


Share: