منگلورو 7؍جنوری (ایس او نیوز) شرپسندوں کے حملے میں زخمی ہونے کے چار دن بعد اپنی جان گنوانے والے بشیر کے سلسلے میں رپورٹنگ کے لئے جب نجی ٹی وی چینل 'پبلک ٹی وی'کا نمائندہ پہنچا تواسپتال کے پاس موجود عوام نے اسے آڑے ہاتھوں لیا اور انتہائی ذلت آمیز سلوک کیا۔اس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے موقع پر سے چپ چاپ نکل جانے پر مجبور کردیا۔
یاد رہے کہ شرپسندوں کے حملے کی وجہ سے سڑک پر خون میں لت پت پڑے ہوئے بشیر کو روہت اور شیکھر نامی ایمبولینس ڈرائیوروں نے اسپتال پہنچایاتھا۔ مگر تین دن تک علاج کارگر نہ ہونے کی وجہ سے زخموں کی تاب نہ لاکر بشیر نے اسپتال میں ہی دم توڑ دیا ۔ یہ خبر عام ہوتے ہی بہت سارے نیوز چینل رپورٹرز اسپتال کے پاس خبر نشر کرنے کے لئے جمع ہوگئے۔ لیکن جب پبلک ٹی وی کا نمائندہ وہاں پہنچا تو عوام مشتعل ہوگئے اور پبلک ٹی وی کے خلاف نعرے بازی کی۔ عوام کی مخالفت اور نعرے بازی کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔