میسورو3/جنوری (ایس او نیوز) میسورو سٹی کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کے لئے ہونے والے انتخابات کے لئے ریاستی حکومت نے زمروں کے ریزرویشن کی فہرست جاری کردی ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت میئر کا عہدہ ایس سی خاتون (درج فہرست ذات) اور ڈپٹی میئر کا عہدہ ایس ٹی خاتون (درج فہرست قبائل) کے لئے مختص کیا گیا ہے۔میسور سٹی کارپوریشن کونسل کے لئے آئندہ سال انتخابات منعقد ہوں گے۔ اس لحاظ سے میئر اورڈپٹی میئر کی یہ آخری میعاد ہوگی۔حکومت کی طرف سے جاری ریزرویشن کی فہرست کے تحت میسور سٹی کارپوریشن میں دو خواتین کارپوریٹرس ہیں، جن کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے، کملا ادئے اور ایس بھاگیاوتی میں سے کسی ایک کو عہدہ فراہم کر کے کانگریس پارٹی میئر کے عہدے پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ ڈپٹی میئر کا عہدہ ایس ٹی خاتون زمرے کے لئے مختص کیا گیا ہے اور کونسل میں اندرا مہیش واحد ایس ٹی خاتون کارپوریٹر ہیں ۔ اس طرح سے اس بار کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد سے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ میئر کے عہدے کی کانگریس امیدوار کملا ادئے میسور حلقے نرسمہا راجہ کی حدود میں شامل وارڈ نمبر 50؍سے نمائندگی کررہی ہیں۔حلقہ چامراجہ کی حدود میں آنے والے وارڈ نمبر 23کی کارپوریٹر ایس بھاگیاوتی بھی میئر کے عہدے کے لئے مضبوط دعویدار مانی جاتی ہیں۔پچھلے 4سالوں سے بی جے پی اور جے ڈی ایس نے متحد ہوکر میسور سٹی کارپوریشن پر قبضہ کیا ہوا تھا اور مجبوراً کانگریس کو اپوزیشن کا کردار اداکرنا پڑا تھا۔میسور سٹی کارپوریشن میں جملہ کارپوریٹروں کی تعداد 65ہے جس میں کانگریس کے 20 جنتادل (ایس ) کے 20اور بی جے پی کے 13 کارپوریٹروں کے علاوہ ایس ڈی پی آئی کے 2کے جی پی اور بی ایس آر کانگریس کے فی کس ایک امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ آزاد کارپوریٹروں کی تعداد 8 ہے۔