ممبئی، 20/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں کل 99 امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ اس فہرست میں پارٹی نے 13 خواتین امیدواروں کو بھی اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا موقع دیا ہے۔ مزید برآں، کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے سینئر لیڈر اشوک چوہان کی بیٹی شریجیا چوہان کو بھی بھوکر سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ یہ اقدام پارٹی کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ خواتین اور نئے چہروں کو سیاست میں شامل کیا جا سکے۔
بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ فہرست میں کئی اہم لیڈران کے نام بھی شامل ہیں جنہیں اسمبلی انتخاب کے لئے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ان میں اہم نام نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کا ہے جسے پارٹی نے ناگپور ساؤتھ ویسٹ سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ وہیں پارٹی نے اس بار ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے کو بھی امیدوار بنایا ہے وہ کامٹھی سے اپنی قسمت آزمائیں گے۔
بی جے پی اور ان کی حلیف پارٹیوں میں مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لئے سیٹوں کی تقسیم کا جو فارمولا طئے ہوا ہے۔ اس کے مطابق 288 ارکین اسمبلی والی مہارشٹرا کی 188 سیٹوں پر بی جے پی، 70 سیٹوں پر ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا، 50 سیٹوں پر اجیت پوار والی این سی پی اسمبلی انتخاب لڑ سکتی ہے۔
واضح ہو کہ مہاراشٹر میں 20 نومبر کو اسمبلی انتخاب کے لئے ووٹ ڈالا جائے گا۔ جس کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔ مہاراشٹرا میں اسمبلی کی کل 288 سیٹیں ہیں۔ 2019 کے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو 105 سیٹی ملی تھیں۔ اس بار کے انتخابات میں بی جے پی ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی قیادت والی سیاسی پارٹیوں شیو سینا اور این سی پی کے ساتھ مل کر مقابلہ کرے گی۔