ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مونگیر کے مسلمانوں نے مسلم پرسنل لا کی حمایت میں دستخطی مہم چلانے کا لیا فیصلہ

مونگیر کے مسلمانوں نے مسلم پرسنل لا کی حمایت میں دستخطی مہم چلانے کا لیا فیصلہ

Mon, 10 Oct 2016 18:46:30  SO Admin   S.O. News Service

ہم مسلم پرسنل لا کی ہدایت کو عملی جامہ پہنائیں گے: مسلمانان مونگیر
مونگیر،10اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)طلاق اور تعددازدواج کے مسئلہ پر خانقاہ رحمانی مونگیر میں مونگیرکے مسلمانوں کی مسلم پرسنل لا کے بینرتلے ایک میٹنگ ہوئی، جس میں طلاق اور تعدد ازدواج کے خلاف مرکزی حکومت کے حلف نامہ کی شدید مذمت کی گئی، اور چند نام نہاد مسلم خواتین کو اسلامی قانون کے خلاف کھڑا کرکے مسلم پرسنل لا میں مداخلت کی کوشش کی سخت نکتہ چینی کی گئی، اس موقعہ پر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے، کہا کہ ہندوستان کے تمام مسلمان مردو عورت طلاق اور تعدد ازدواج کے حق کو سماجی برابری کے نام پر چھیننے کو شریعت اسلامی میں مداخلت سمجھتے ہیں، اور وہ اس سلسلہ میں مسلم پرسنل لا کی ہدایت کے مطابق دستخطی مہم چلا کر رائے عامہ کا اظہار عدالت، لاکمیشن اورحکومت کے سامنے کریں گے، شرکاء نے کہا کہ اس اجلاس سے یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم شریعت اسلامی میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے، اور مسلم پرسنل لا میں کسی بھی قسم کی ترمیم وتنسیخ کو قبول نہیں کریں گے، اس لیے کہ ہمارا قانون اللہ کا بنایا قانون ہے، سماجی برابری کے نام پر اس میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی ہے، بلکہ صحیح بات تو یہ ہے کہ اسلامی قانون فطرت کے عین مطابق ہے، کوئی کج فہم اگراسے نہ سمجھے تویہ اس کی سمجھ کا قصور ہے، شرکاء نے کہا کہ آئین کی رو سے مسلمانوں کو اپنے مذہب پر عمل کی آزادی حاصل ہے، اور موجودہ مسئلہ کھڑا کرکے یہ آزادی سلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جو جمہوریت کی سراسر خلاف ورزی ہے، مرکزی حکومت نے اپنے حلف نامہ میں جس طرح طلاق اور تعدد ازدواج کو غیر ضروری قرار دیا ہے، سماجی برابری کے نام پر جمہوریت کا اس نے گلا گھونٹنے کی کوشش کی ہے، شرکاء نے بیک زبان کہا کہ ہم متحد ہیں، اور مسلم پرسنل لا کی ہدایت پر عمل کے لیے پورے طور پر تیار ہیں، بورڈ مفکراسلام حضرت مولانا محمد ولی صاحب رحمانی کی سرکردگی میں امید ہے کہ کامیابی حاصل کرے گا، اور دشمن ناکام ونامراد ہوں گے۔جن حضرات نے اس موقعہ پر اپنے خیالات ظاہر فرمائے ان کے نام ہیں: پروفیسر شبیر حسن، پروفیسر محمد سفیان، پروفیسر امام انیس، مولانامحمدسلیمان امام مسجد کھڑگپور، مولاناراغب رحمانی امام جامع مسجد مونگیر، قاری احمد بخاری ناظم مدرسہ تجوید الفرقان مونگیر، مشہور سماجی کارکن جناب انعام الدین صاحب، کھڑگپور، محفوظ عالم صاحب پرہم، فیصل رومی صاحب، وارڈ کمشنر مونگیر، اس موقعہ پر تعدد ازدواج اور طلاق کے مسائل اور ان کے طریقوں اور حکمتوں پر جامعہ رحمانی کے اساتذہ مولانا جمیل احمد مظاہری، مولانا مفتی ریاض احمد قاسمی، اور مولانا عبد الدیان رحمانی نے تفصیل سے تقریریں کیں اور لوگوں کو معاملہ سنگینی سے واقف کرایا۔اخیر میں جامعہ رحمانی کے استاذ حدیث حضرت مولانا مفتی محمد اظہر صاحب مظاہری کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا۔


Share: