نئی دہلی، 18؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں غیر مرئی قوتوں کے ذریعہ ملی واضح جیت پر دونوں ریاستوں کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آج کہا کہ ان ریاستوں میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں کوئی بھی کسر نہیں چھوڑی جا ئے گی۔ مودی نے دونوں ریاستوں میں بی جے پی کو برتری ملنے کے انتخابی رجحانات کے بعد ٹوئٹ کیا کہ ہماچل پردیش اور گجرات میں بی جے پی کے لیے پیار اور اعتماد جتانے کے لئے میں وہاں کے عوام کو سلام کرتا ہوں ، میں ان کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان ریاستوں میں ’’ وکاس ‘‘ کے سفر کو اور آگے بڑھائیں گے اور عوام کی بے لوث خدمت میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں گے۔گجرات اور ہماچل پردیش کے نتائج گڈ گورننس اور ترقی کی سیاست کے تئیں مضبوط حمایت کا اشارہ ہے ۔ میں ان ریاستوں میں بی جے پی کارکنوں کی سخت جدو جہد کو بھی سلام کرتا ہوں کہ انہوں نے پارٹی کے کاز و مقاصد کو عوام تک پہنچایا جن کی وجہ سے یہ مؤثر جیت ملی ہے ۔ مودی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ہماچل پردیش میں لہرایا کمل، ترقی کی ہوئی خوبصورت جیت ،اپنی آبائی ریاست میں بی جے پی کی جیت پر مودی نے کہا کہ جیتا وکاس ، جیتا گجرات ‘‘ اس سے پہلے وزیر اعظم آج سرمائی اجلاس میں حصہ لینے کے لئے جب پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو انہوں نے اپنی انگلیوں سے V یعنی وکٹری ( فتح ) کا نشان بنایا ۔